لالہ موسیٰ، ضلع گجرات میں 700ملین روپے لاگت سے 92منصوبہ جات پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 15 جون 2019 22:58

لالہ موسیٰ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع گجرات میں 700ملین روپے لاگت سے 92منصوبہ جات پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے اور ان پراجیکٹس کی فیزیکل پراگریس 80فیصد ہے، تمام پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کیلئے کام کی رفتار تیز کی جائے اور کوالٹی میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر بٹ نے شرکاء کو تمام منصوبہ جات کے حوالے سے بریفنگ دی، انہوں نے شادیوال روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ سمیت نواحی علاقوں کا بھی دورہ کیا اور عوامی مسائل کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خر م شہزاد نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر نگرانی 40منصوبوں کیلئے 263ملین روپے، پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے زیر نگرانی 49ترقیاتی پراجیکٹس کیلئے 370ملین روپے، ہائیوے ڈیپارٹمنٹ کے دو پراجیکٹس کیلئے 42ملین روپے جبکہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے 1پراجیکٹ کیلئے 23ملین روپے رکھے گئے تھے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نواز شریف میڈیکل کالج کی عمارت بلا تاخیر کالج انتظامیہ کے حوالے کرنے کیلئے اقدامات عمل میں لائے جائیں۔