گوجرانولہ، عوام کو صاف ستھری اور صحت مند تفریحی سہولیات مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہیں، وائس چیئر مین پی ایچ اے

پیر 17 جون 2019 23:55

گوجرانولہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) عوام کو صاف ستھری اور صحت مند تفریحی سہولیات مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔پھولوں اور پودوں کو موسم گرما کے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے روزانہ صبح و شام پانی لگانے کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ پارکس اور گرین بیلٹس میں آنے والے شہری خوبصور ت اور خوشگوار ماحول سے مستفید ہو کر ذہنی تازگی حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وائس چیئر مین پی ایچ اے چوہدری علی شبیر مہر نے گلشن اقبال پارک میں صفائی اور سیوریج مسائل کو اپنی نگرانی میں حل کروانے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے ملازمین مشینری کی خرابی اور درپیش مسائل سے فوری طور پر آگا ہ کریں تاکہ آپریشنل کام بنا کسی تعطل کے جاری رہیں ۔ گلشن اقبال پارک جو کہ شہر کا سب سے بڑا پارک ہے اور یہاں شہری روزانہ کی بنیاد پر کثیر تعداد میں آتے ہیں انہیں تفریحی ماحول فراہم کرنے کیلئے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ تمام ملازمین پارک میں صفائی ستھرائی، پودوں ، گھاس کی کانٹ چھانٹ اور دیگر مسائل کو باقاعدگی کے ساتھ حل کریں جہاں ہماری ضرورت ہے ہمیں بتائیں ہم آپ کے مسائل و مشکلات حل کرنے کیلئے ہر وقت موجود ہیں۔