کاشتکاروں کو دھان کی باسمتی اقسام کی پنیری اکھاڑنے سے ایک دو روز قبل پنیری کو پانی لگانے کی ہدایت

منگل 18 جون 2019 14:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) کاشتکاروں کو دھان کی باسمتی اقسام کی پنیری اکھاڑنے سے ایک دو روز قبل پنیری کو پانی لگانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ زمین نرم ہونے کی وجہ سے پودے اکھاڑنے میں آسانی اور پنیری ٹوٹنے کااحتمال نہ رہے۔ ماہرین ڈائریکٹر اگرانومی نے بتایا کہ دھان کی فصل ریتلی زمینوں کے علاوہ شور زدہ اور کلراٹھی زمینوں سمیت تمام اقسام کی زمینوںمیں کاشت کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار باسمتی اقسام کی پنیری اکھاڑنے سے ایک دو دن پہلے پنیری کو پانی لگائیں تاکہ زمین نرم ہونے کی وجہ سے پودے اکھاڑنے میں آسانی اور پودوںکے ٹوٹنے کا احتمال نہ رہے۔انہوںنے کہاکہ پنیری اکھاڑتے وقت بیماری یا سنڈیوں سے متاثرہ پودے وہیں تلف کردیئے جائیں اور پنیری کی منتقلی سے تین دن پہلے کھیت کو پانی دے کر دوہرا ہل بمعہ سہاگہ چلا کر کدو کیاجائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس طرح تیار شدہ زمین میں اگلے دن پنیری منتقل کردی جائے اور پنیری کی منتقلی کے وقت کھیت میں ڈیڑھ انچ گہرا پانی کھڑا کریں جبکہ پنیری منتقلی کے عمل کے دوران پودے کی جڑوں کے اوپر سے انگلیوں اور انگوٹھے سے پکڑ کر زمین میں مضبوطی سے گاڑھ دیں۔انہوںنے کہاکہ9-9 انچ کے فاصلے پر دو دو پودے فی سوراخ لگائے جائیں کیونکہ اس طرح فی ایکڑ پودوں کی تعداد 1 لاکھ 60ہزار حاصل ہوجائے گی۔انہوںنے کہاکہ پنیری منتقل کرنے کے بعد اس کی کچھ ہتھیاں کھالوں یا وٹوں کے ساتھ پانی میں رکھ دیں تاکہ جہاں کہیں پودے مرجائیں ان زائد ہتھیوں کی پنیری سے اس کمی کو پورا کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :