مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں اسلامی بینکاری میں سرمایہ کاری میں19.9 فیصد اضافہ

جمعرات 20 جون 2019 12:58

مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں اسلامی بینکاری میں سرمایہ کاری میں19.9 ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) رواں مالی سال کے دوران ملک میں اسلامی بینکاری کے تحت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہواہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں ملک میں اسلامی بینکاری کی صنعت کی سرمایہ کاری میں19.9 فیصد (102 ارب روپی) کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد جنوری تامارچ کے دوران اسلامی بینکنگ صنعت کی سرمایہ کاری کا حجم 617 ارب روپے ہوگیا۔

مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں اسلامی بینکنگ صنعت کی سرمایہ کاری کا حجم 515 ارب روپے ریکارڈ کیا گیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق اس عرصہ میں اسلامی بینکاری کے تحت فنانسنگ میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔توانائی کی پیداوار و ترسیل اورٹیکسٹائل کے شعبوں میں زیادہ فنانسنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں شعبوں میں اسلامی بینکاری کے تحت فنانسنگ میں بالترتیب 16.9 اور12.2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں اسلامی بینکاری کی صنعت کے اثاثوں میں مجموعی طورپر4.9 فیصد اضافہ ہوا۔اس عرصہ میں ڈیپازٹس کا حجم 2790 ارب روپے رہا۔تیسری سہ ماہی میں مجموعی ملکی بینکاری کی صنعت میں اسلامی بینکاری صنعت کا حصہ بالحاظ اثاثہ جات 15 فیصد اوربالحاظ ڈیپازٹس 15.6 فیصد ریکارڈکیا گیا۔ گزشتہ سالوں کے دوران پاکستان میں روایتی بینکاری کے ساتھ ساتھ اسلامی بینکاری کے شعبہ کی شرح نمو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور شہریوں کی بڑی تعداد اسلامک بینکنگ کے شعبہ میں دلچسپی لے رہی ہے ۔ اسی رحجان کے تناظرمیں روایتی بینکنگ کی خدمات فراہم کرنے والے بینکوں نے اسلامی بینکاری کی خدمات کی فراہمی شروع کی ہے جس سیٍ اسلامی بینکنگ کی صنعت ترقی کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :