مشیر تجارت عبدالرزاق دائود سے جمہوریہ چیک کے پارلیمان کے وفد کی ملاقات

توانائی، زرعی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا

پیر 24 جون 2019 18:46

مشیر تجارت عبدالرزاق دائود سے جمہوریہ چیک کے پارلیمان کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود سے جمہوریہ چیک کے پارلیمان کے وفد نے ملاقات کی۔ پیر کو ہونے والی ملاقات کے دوران توانائی، زرعی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر تجارت نے وفد کو خوش آمدید کہا اور باہمی دلچسپی سمیت دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مشیر تجارت نے کہا کہ دونوں ممالک کے پارلیمینٹیرینز کے مابین روابط سے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، جوتے تیار کرنے والی چیک کمپنی باٹا نے آزادی پاکستان کے بعد سب سے کاروبار شروع کیا، دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے مابین روابط کو بڑھایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے اہم ہے جو کہ مغربی، جنوبی اور وسطی ایشیائی ممالک کو ملاتا ہے۔ مشیر تجارت نے کہا کہ پاکستان اور جمہوریہ چیک کے مابین دوطرفہ سرمایہ کاری کا معاہدہ جلد طے پا جائے گا، دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون پر مفاہمتی یاداشتوں کا مسودہ تیار ہو گیا ہے جس پر آئندہ چند ماہ میں دستخط ہوں گے۔