پاکستان سمیت دنیا بھر میں صارفین کو انٹرنیٹ سروس کی تعطلی کا سامنا

انٹرنیٹ سروس کی تعطلی کی وجوہات معلوم نہ ہو سکیں، سائبر حملہ انٹرنیٹ سروس کی بندش کی ممکنہ وجہ قرار

muhammad ali محمد علی پیر 24 جون 2019 20:35

پاکستان سمیت دنیا بھر میں صارفین کو انٹرنیٹ سروس کی تعطلی کا سامنا
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24جون2019ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں صارفین کو انٹرنیٹ سروس کی تعطلی کا سامنا، انٹرنیٹ سروس کی تعطلی کی وجوہات معلوم نہ ہو سکیں، سائبر حملہ انٹرنیٹ سروس کی بندش کی ممکنہ وجہ قرار۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی شام کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروس میں تعطل پیدا ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ فراہم کرنے والی تمام بڑی کمپنیوں کے صارفین کو انٹرنیٹ سروس تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

جبکہ گوگل، امیزان، فیس بک سمیت بیشتر بڑی ویب سائٹس تک بھی صارفین کو رسائی حاصل نہیں ہو پا رہی۔ انٹرنیٹ سروس کی اس سطح پر تعطلی کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ تاہم دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر سائبر حملہ انٹرنیٹ سروس کی بندش کی ممکنہ وجہ ہے۔

(جاری ہے)

انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کی فراہمی میں پیدا ہونے والے تعطل کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

امکان ہے کہ جلد ہی صارفین کو بنا کسی رکاوٹ کے انٹرنیٹ سروس تک مکمل رسائی حاصل ہو جائے گی۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ انٹرنیٹ سروس کی فراہمی میں پیدا ہونے والے تعطل کے مسئلے کو کتنے وقت میں ٹھیک کر لیا جائے گا۔ پاکستان میں انٹرنیٹ سروس کی فراہمی میں تعطل کے مسئلے کے باعث تمام ائیرپورٹس کا سسٹم ڈاون ہو چکا ہے۔ جبکہ انٹرنیٹ کے ذریعے کاروبار کرنے والی کمپنیوں کا کام بھی مکمل طور پر ٹھپ ہوگیا ہے۔