پاکستان، نیوزی لینڈ کا میچ بارش سے متاثر ہونے کا کوئی امکان نہیں

دونوں ٹیموں کے درمیان کل برمنگھم میں اہم ترین میچ کھیلا جائے گا، پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ کا حصہ برقرار رہنے کیلئے ہر صورت فتح حاصل کرنا ہوگی

muhammad ali محمد علی منگل 25 جون 2019 21:29

پاکستان، نیوزی لینڈ کا میچ بارش سے متاثر ہونے کا کوئی امکان نہیں
برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2019ء) پاکستان، نیوزی لینڈ کا میچ بارش سے متاثر ہونے کا کوئی امکان نہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان کل برمنگھم میں اہم ترین میچ کھیلا جائے گا، پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ کا حصہ برقرار رہنے کیلئے ہر صورت فتح حاصل کرنا ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کیلئے موسم کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔

جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کل برمنگھم میں شیڈول میچ کے دوران بارش ہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ قوی امکان ہے کہ میچ کے دوران موسم خشک رہے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنا ساتواں میچ بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

(جاری ہے)

یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 2 بجکر 30 منٹ پر برمنگھم میں شروع ہوگا۔

پاکستان ٹیم کے لئے اب میگا ایونٹ کا ہر میچ فائنل میچ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے اور اب پاکستان کو ٹائٹل کے حصول کے لئے فائنل میچ سمیت ہر میچ جیتنا ضروری ہوگیا ہے۔ میچ میں شرکت کیلئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں برمنگھم پہنچ چکی ہیں۔ انگلینڈ میں رواں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے درمیان عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے زبردست جنگ جاری ہے۔

شاہین بدھ کو انتہائی اہم میچ میں کیویز کے خلاف نبردآزما ہونگے۔ کیویز ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے، کیویز ٹیم نے میگا ایونٹ میں اب تک چھ میچز کھیلے ہیں اور پانچ میچز جیت کر کیویز ٹیم سب سے زیادہ 11 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سر فہرست ہے۔ دوسری جانب پاکستان کی ٹیم نے بھی اب تک چھ میچز کھیل لئے ہیں وہ دو میچز میں کامیابی حاصل کرسکی ہے جبکہ اس کو تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

گرین شرٹس 5 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میگا ایونٹ کے 33ویں میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جا رہی کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگا اور شائقین کرکٹ کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔