جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سیکیورٹی واپس لینے کی مذمت

پہلے مولانا فضل الرحمن سے پروٹوکول واپس لیا گیا اور اب سیکیورٹی واپس لے لی،مولانا عبد الغفور حیدری

منگل 9 جولائی 2019 23:51

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سیکیورٹی واپس لینے کی مذمت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2019ء) جمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری، سمیت اراکین پارلیمنٹ نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سیکیورٹی واپس لینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے مولانا فضل الرحمن سے پروٹوکول واپس لیا گیا اور اب سیکیورٹی واپس لے لی، حکومت اپوزیشن کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ،مولانا فضل الرحمن پر ہاتھ ڈالنے کیلئے کچھ نا ملا تو سیکیورٹی واپس لے لی ۔

(جاری ہے)

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدر ی کہا کہ اس سے قبل بھی مولانا صاحب سے سیکیورٹی لی گئی تھی مگر احتجاج کے بعد کچھ پولیس اہلکار واپس کردئیے گئے تھے اب مولانا فضل الرحمان کے پاس صرف دو پولیس اہلکار رہ گئے ہیں،ریجیکٹیڈ حکومت انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔ سینیٹر مولانا عطا الرحمن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پر متعدد بار خودکش حملے ہوچکے ہیں،مولانا فضل الرحمن عالمی لیڈر ہیں، سیکیورٹی واپس کی جائے۔سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو اگر کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی، ممبر قومی اسمبلی مولانا اسعد محمود ا نے کہا کہ ریجیکٹیڈ حکومت عوام کے مسائل ہر دھیان دے۔