لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہرممکن کوششیں کی جائیں گی،قائمقام ڈپٹی کمشنرمیرپورخاص

جمعرات 11 جولائی 2019 19:41

میرپورخاص۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2019ء) قائمقام ڈپٹی کمشنر اقبال احمد میرانی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے عوام کی صحت کی بہتری کیلئے خطیر رقم خرچ ہونے کے باوجود لوگوں کو مطلوبہ سہولیات نہیں مل رہی ہیں انہوں نے کہا کہ لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہرممکن کوششیں کی جائیں گی کوتاہی کرنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ ہائیکورٹ کی ہدایات کی روشنی میں سرکاری ہسپتالوں کی بہتری کیلئے قائم کردہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی صحت کے مسائل حل کرنے کیلئے تحصیل سطح پر کھلی کچہریاں منعقد کی جائیں گی،جس میں لوگوں کی شکایات سمیت صحت کے متعلق مشورے لئے جائیں گے انہوں نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی،ادویات، ایمبولینس اور اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور مشینری کو تیار حالت میں رکھا جائے غیر حاضر عملے کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کو بھی صحت کی بہتری کیلئے اپنا کردار اداکرنا چاہئے باہمی کوششوں سے ہی بہتری آسکتی ہے اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر سید عطااللہ شاہ، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر گوبند رام،ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی قاسم ابراہیم،ڈسٹرکٹ منیجر آئی ایچ ایس ڈاکٹر علی محمد مہر، سول سرجن میرپورخاص ڈاکٹر عبدالواحد خاصخیلی اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔