بھارتی ائرپورٹس پر ابھی تک جنگی طیارے موجود، فضائی حدود کی بندش میں توسیع کر دی گئی

پاکستان کی فضائی حدوداس وقت تک بھارت کیلئے نہیں کھولی جائے گی جب تک بھارتی ایئر پورٹس سے لڑاکا طیارے ہٹانہیں لیے جاتے، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 11 جولائی 2019 22:10

بھارتی ائرپورٹس پر ابھی تک جنگی طیارے موجود، فضائی حدود کی بندش میں ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جولائی2019ء) بھارتی ایئر پورٹس پر 27 فروری کے بعد سے اب تک جنگی جہازوں کی موجودگی کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھارت کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں 26 جولائی تک توسیع کردی ہے۔ سی اے اے نے اس حوالہ سے اوور فلائی پر پابندی کا نیا نوٹم جاری کر دیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نیجاری کردہ اعلامیے میں کہا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود میں ٹرانزٹ اوور فلائی پر 12 جولائی تک پابندی عائدتھی جس کی معیاد میں اضافہ کرتے ہوئے بھارت کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں 26 جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔

بھارتی طیارے اوور فلائی کی بندش کے بعد پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔نوٹم کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان کی مشرقی فضائی حدود 27 فروری سے بند ہے،پاکستانی فضائی حدود میں ٹرانزٹ اور اوور فلائی نئے حکم نامے تک بند رہے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کی مشرقی فضائی حدود بند ہے جبکہ مغربی فضائی حدود آپریشن کے لیے کھلی ہے۔

واضح رہے کہ فروری 2019 میں ہونے والی پلوامہ میں بھارتی فوج کی بس پر 44بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد پاکستان نے بھارت کیلئے اپنی فضائی حدود بند کردی تھی جس کے باعث بھارتی فضائی کمپنیوں کو روزانہ کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آج جمعرات کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کے اجلاس کے دوران ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا ہے کہ بھارت نے پاکستان سے فضائی حدود کھولنے کی درخواست کی ہے لیکن بھارتی ایئر پورٹس پر ابھی تک لڑاکا طیارے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فضائی حدوداس وقت تک بھارت کیلئے نہیں کھولی جائے گی جب تک بھارتی ایئر پورٹس سے لڑاکا طیارے ہٹانہیں لیے جاتے۔