خون کی کمی بچوں میں بیماریوں کو جنم دیتی ہے، طبی ماہرین

بدھ 17 جولائی 2019 15:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء)طبی ماہرین نے کہا کہ بچوں میں بے شمار بیماریاں ایسی ہیں جو خون کی کمی کی وجہ سے جنم لیتی ہیں لہٰذا ان بیماریوں سے بچاؤکیلئے خون کے تناسب کا پورا ہونا انتہائی ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چھ ماہ سے تین سال کی عمر کے بچوں کے نیم ٹھوس غذا کا استعمال نہ کرنے کی وجہ سے خون کی کمی کی شکایت ہوسکتی ہے کیونکہ چھ ماہ کے بعد بچے کی آئرن کی ضرورت بہت تیزی سے بڑھتی ہے اور آئرن سے بھر پور غذا نہ دینا بھی خون کی کمی کا باعث بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹ میں کیڑوں کا ہونا اور انتڑیوں کے اندر موہکے بن جانا اور ان موہکوں سے لمبے عرصے تک بغیر کسی تکلیف سے خون رستے رہنے سے بھی خون کی کمی ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خون کی کمی میں مبتلاء بچے بار بار بیمار ہوتے ہیں اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے بچے جو بار بار مختلف بیماریوں کا شکار رہتے ہیں ان کیلئے کسی ماہر معالج سے خون کے تناسب کے متعلق بھی تجاویز حاصل کی جائیں تاکہ بیماری کی اصل وجہ معلوم ہونے سے بیماری کا جڑ سے قلع قمع کیا جاسکے۔