محکمہ صحت کی برسات کے دوران ملیریا ، اسہا ل اور پیٹ کے امراض کے خطرے کے پیش نظر حفاظتی تدا بیر پر عملد رآمد کی ہدایت

بدھ 17 جولائی 2019 15:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) :محکمہ صحت پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر حکومت پنجاب نے موسم برسات کے دوران ملیریا، اسہال ، پیٹ کے امراض کے پھیلائو کے خطرہ کے پیش نظر عوام کو حفاظتی تدابیر پر عملدر آمد کی ہدایت کی ہے،شدید بارشوں و متوقع سیلابی علاقوں میں وبائی امراض سے بچائو کیلئے پانی کو ابال کر استعمال کرنے سمیت پانی شفاف کرنے کی خصوصی گولیاں استعمال کرنے، خوراک کو مکھیوں اور گرد و غبار سے ڈھانپ کر رکھنے اور تازہ پکا ہوا کھانا استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کے ترجمان نے کہا کہ کھانا کھانے، پکانے اور لیٹرین کے استعمال کے بعد ہاتھ صابن سے اچھی طرح دھوئے جائیں۔ انہوںنے رات کو مچھر دانی کے استعمال ، مچھر بھگا نے کیلئے میٹ لگانے اور دستوں یا اسہال کے دوران او آر ایس ملا پانی استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوںنے کہا کہ بارشی پانی میں نہانے سے گریز کیا جائے ، اگر کسی شخص کو سانپ ڈس لے تو سانپ کے کاٹے کی جگہ پر سے دو تین انچ اوپر اور نیچے والی جگہوں کو باندھ دیا جائے اور مریض کو جلد از جلد ہسپتال پہنچایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ احتیاط میں ہی زندگی اور صحت ہے ۔