لیبیاکی خاتون رکن پارلیمنٹ کو نامعلوم نقاب پوشوں نے اغواء کر لیا

نامعلوم افرادنے سہام کے گھر پر حملہ اورپھر فائرنگ بھی کی،خاتون رکن پارلیمنٹ کے شوہر گولی لگنے سے زخمی

جمعہ 19 جولائی 2019 14:38

طرابلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) لیبیا کے مشرقی شہر بنغازی میں پارلیمنٹ کی خاتون رکن سہام سرقیوہ پراسرار حالات میں لا پتا ہو گئیں۔ سہام اپنی گمشدگی سے چند گھنٹے پہلے ہی قاہر میں لیبیا کے ارکان پارلیمنٹ کے اجلاسوں میں شرکت کے بعد واپس لوٹی تھیں۔ خاتون رکن پارلیمنٹ کے بارے میں خبریں آ رہی ہیں کہ انہیں اغوا کیا گیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لیبیا کے ایک رکن پارلیمنٹ جبریل اوحیدہ نے بتایا کہ ابھی تک ملنے والی معلومات کے مطابق سہام کو بدھ کے روز نامعلوم نقاب پوش افراد کے گروپ نے اغوا کر لیا۔ گروپ نے سہام کے گھر پر حملہ کیا اور فائرنگ بھی کی۔ اس کے نتیجے میں خاتون رکن پارلیمنٹ کے شوہر دو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

سہام سرقیوہ کی بیٹی نے فیس بک پر اپنے پیج پر بتایا کہ یہ بات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی کہ ان کی والدہ کہاں موجود ہیں۔

سہام کی بیٹی نے چند تصاویر بھی پوسٹ کی ہیں جن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ فائرنگ کے بعد اس خاندان کے گھر کی تصاویر ہیں۔ حکام نے ابھی تک سہام کو اغوا کرنے والے فریق یا اغوا کی وجوہات کے بارے میں کوئی انکشاف نہیں کیا۔ادھر لیبیا میں انسانی حقوق کے قومی کمیشن نے ایک بیان میں بنغازی شہر کے سیکورٹی ادارے سے مطالبہ کیا کہ وہ خاتون رکن پارلیمنٹ کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے جلد حرکت میں آئے۔یاد رہے کہ سہام سرقیوہ لیبیا کے اٴْن ارکانِ پارلیمنٹ میں سے ہیں جنہوں نے قاہرہ کے اجلاسوں میں شرکت کی۔ ان اجلاسوں کا مقصد لیبیا کے بحران کے ایک سیاسی حل کے واسطے ویڑن اور کوششوں کو یکجا اور یکساں بنانا تھا۔