سندھ ٹیکنیکل بورڈ ڈپلوما آف ایسوسی ایٹ انجینئرزسال اول کے امتحانات کا انعقاد وقت پر کرانے پر ناکام

جمعہ 19 جولائی 2019 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کی اعلی افسران کی نااہلی کے باعث ڈپلوما آف ایسوسی ایٹ انجینئرزسال اول کے امتحانات کا انعقاد وقت پر کرانے پر ناکام ہوگئے۔طلبہ اوروالدین شدید ذہنی کوفت کا شکار ہوگئے۔ ڈی اے ای سال اول کے امتحانات میں20ہزار سے زائد طلبہ وطالبات شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے قائم مقام ناظم امتحانات ارباب علی تھہیم کی جانب سے ڈپلوما آف ایسوسی ایٹ انجینئرزسال اول کے امتحانات کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے امتحانات کی تاریخوں کا شیڈول جاری کردیا گیا تھا۔

جس کے مطابق امتحانات کا آغاز اور سندھ بھر کے فنی تعلیمی اداروں کواس حوالے سے آگاہ بھی کردیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم 17جولائی کو قائم مقام ناظم امتحانات نے ایک سرکلر جاری کیا جس میں تحریر تھا کہ ناگزیر حالات کے باعث امتحانات کی تاریخ کو آگے بڑھایا جارہا ہے اور اب نئے شیڈول کے مطابق امتحانات کا انعقاد 30جولائی سے کیا جائے گا۔بورڈ کے ایک افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ امتحانات کی تاریخ آگے بڑھانے کی بڑی وجہ امتحانات میں چند روز باقی رہ جانے کے باوجود نہ تو ایڈمٹ کارڈ کا اجرا اور نہ ہی امتحانی مراکز کا انتخاب نہ کیا جا سکاہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ قائم مقام ناظم امتحانات کی نا تجربہ کاری کے باعث شعبہ امتحانات مسائل کا شکار ہے۔سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشنل پروفیسرز ٹیچرز ایسوسی ایشن کے کراچی ریجن کے صدر شاہد علی خان کا کہنا تھا کہ بور ڈ میں کافی توجہ کی ضرورت ہے ، اہم سر کلر تعلیمی اداروں کو بھجوانے کا انتظام تعطل کا شکار ہے۔ہمیں 23جولائی کو ڈپلوماآف ایسوسی ایٹ انجینئرز سال اول کے امتحانات کی تاریخ کااعلان کیا گیا جس کی بنا پر تعلیمی اداروں نے کلاسز 17جولائی کو معطل کردی تھی تاہم اسی روز امتحانات کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امتحانات کی تاریخوں میں تبدیلی کے حوالے سے ایک دن میں تو فیصلہ نہیں کیا گیا ہو گا ۔اگر یہ اطلاع وقت پر دی جاتی تو تعلیمی ادارے کلاسزجاری رکھتے۔ واضح رہے کہ سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے تعلیمی کلینڈر میں ڈپلوما آف ایسوسی ایٹ انجینئرز سال اول کے امتحانات کی تاریخ 9جولائی تھی۔سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میںناظم امتحانات اور سیکرٹری کا عہدہ2014سے خالی ہے اور گریڈ19اور 20کے افسران کی موجودگی میں گریڈ18کے افسران کو یہ اہم ذمے داریاںدی گئی ہیں۔اس حوالے سے قائم مقام ناظم امتحانات ارباب علی تھہیم سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے فون وصول نہیں کیا۔

متعلقہ عنوان :