حکومت عوام کو صحت کی بہترسہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے

‘ کسی بھی ڈاکٹر یا اہلکار کو ڈیوٹی ٹائم کے دوران پرائیویٹ کلینک میں کا م کی اجازت نہیں ہوگی، ڈپٹی کمشنر لورالائی کاشف نبی بلوچ

جمعہ 19 جولائی 2019 23:56

کوئٹہ۔ 19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) ڈپٹی کمشنر لورالائی کاشف نبی بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو صحت کی بہترسہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے‘ کسی بھی ڈاکٹر یا اہلکار کو ڈیوٹی ٹائم کے دوران پرائیویٹ کلینک میں کا م کی اجازت نہیں ہوگی بصورت دیگر ان کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی ،صحت کے مراکز میں ادویات کی وافر مقدار دستیاب ہے اسے بہتر طریقے سے استعمال میں لایا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی ایچ آئی لورالائی کے زیر اہتمام ماہانہ کارکردگی اجلاس کے موقع پر شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ڈویژنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی کمیل علی ،ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد انور شبوزئی،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال ڈاکٹر محمد انور حمزہ زئی ،ملریا کنٹرول کوارڈنیٹر ڈاکٹر محمد ہارون ،ڈاکٹر ظفراللہ غلزئی سمیت دیگر ڈاکٹرز ،میڈیکل ٹیکنیشنز ،ڈسپنسرز ،محکمہ صحت ،پی پی ایچ آئی ،بی آر ایس پی ودیگر متعلقہ محکموں کے آفیسران واہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر صحت کے دیگر مراکز میں علاج معالجہ کی صورتحال درپیش مسائل اور دستیاب وسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور تجاویز پیش کئے گئے ،اس موقع پر شرکاء کو بتایا گیا کہ محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی عوام کو بہتر علاج معالجے کی سہولت کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے تاہم بعض ڈاکٹر ز یا لیڈی ڈاکٹر ز لاپروائی کے مرتکب ہو رہے ہیں خصوصاً بچے کی پیدائش کے دوران ٹال مٹول سے کام لیتے ہیں اور مریض کو کوئٹہ ریفر کرنے کا بہانہ بناتے ہیں جس سے بعض مریض راستے میں دم توڑ دیتے ہیں حالانکہ لورالائی میں بھی تمام سہولیات موجود ہے ،بچے کی پیدائش کے بعد مٹھائی کے نام پر غریب مریضوں سے ہزاروں روپے لیا جاتاہے جبکہ سرکاری فیس صرف 50روپے ہیں اور بعض ڈاکٹرز شام کے وقت اپنے کلینکس میں کام کرتے ہیں اور وہ نان پریکٹس الاوئنس بھی وصول کرتے ہیں ۔

محکمہ صحت کے اہلکاروں نے بتایا کہ ملیریا ٹیسٹ کی مد میں انہیں بی آر ایس پی کی جانب سے وظیفہ ملتا تھا جسے اب بند کردیا گیا ہے اس کی ادائیگی کی جائے ۔ڈپٹی کمشنر کاشف نبی بلوچ نے کہا کہ صحت کا شعبہ نہایت اہم ہے دکھی انسانیت کی خدمت بہت بڑا کام ہے اس حوالے سے کوتاہی ناقابل برداشت ہے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت تمام بڑے اداروں میں سکورٹی سخت کی جارہی ہے سر کاری مکانات میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر لوگوں نکالا جائے گا ۔

ڈویژنل ڈائریکٹر پی ٴپی ایچ اّئی کمیل علی نے شرکا ء سے کہا کہ محکمہ صحت اور متعلقہ ادارے مل کر بیماریوں کے خلاف جہاد مسلسل کررہے ہیں بی ایچ یوزمیں ،دیگر آلات سمیت سولر ،بیٹری اور فین فراہم کی جارہا ہے تاکہ بوقت ضرورت کا م آسکے آخر میں بہترین کا رکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے اور سولر سیٹ حوالے کیا گیا ۔