نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والے ملک و قوم کیلئے عذاب بن چکے ہیں،جواد احمد

v، 10 روپے کی چیز 100 روپے میں فروخت ہو رہی ہے اور انتظامیہ چپ سادھ کر بیٹھی ہے، ا یک سال میں مہنگائی تین گناہ بڑھی، کاروباراورروزگارختم ہونے سے ہرشہری پریشان ہے،چیئرمین برابری پارٹی پاکستان

ہفتہ 20 جولائی 2019 21:20

نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والے ملک و قوم کیلئے عذاب بن چکے ہیں،جواد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2019ء) چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کا راز تعلیمی اور شعوری ہم آہنگی ہے، نظام تعلیم ہی تقسیم کا شکار ہو جائے تو اس کے سنگین اثرات پوری قوم پر پڑتے ہیں، طبقاتی اور انگریز کے نظام تعلیم کو یکساں اورجدید نظام تعلیم میں بدلنے کی طرف خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی، نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والے ملک و قوم کیلئے عذاب بن چکے ہیں، 10 روپے کی چیز 100 روپے میں فروخت ہو رہی ہے اور انتظامیہ چپ سادھ کر بیٹھی ہے ا یک سال میں مہنگائی تین گناہ بڑھی، کاروباراورروزگارختم ہونے سے ہرشہری پریشان ہے ان باتوں کا اظہار انھوں نے پارٹی سیکرٹیریٹ میں آئے ورکرز سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر انھوں نے مزید کہا بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے بغیر کوئی معاشرہ بھی ترقی نہیں کرسکتااور حکومت نے تو بنیادی حقوق کو نجی سیکٹر کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے،ملک کی 99فی صد کو بھوک،غربت اور جہالت کا سامنا ہے جس کے باعث لوگ ڈپریشن کی وجہ سے شوگر اور بلڈ پریشر کی بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں ظلم تو یہ ہے کہ دنیا کے گنا پیدا کرنے والے آٹھویں بڑے ملک کے لوگ 75روپے کلو چینی خریدنے پر مجبور ہیں اور چاول پیدا کرنے والے پانچویں بڑے ملک کے عوام کو ایک سو تیس روپے کلو چاول مل رہے ہیں، حکومت ایسے لوگوں کا مسافر خانہ ہے جن کے کردار، نظریات اور کلچر میں کوئی فرق نہیں اور وہ سب ایک فیصد اشرافیہ سے تعلق رکھتے ہیں اور برابری پارٹی ایسے پاکستان کی خواہاں جس میں غربت، مہنگائی بے روزگاری اور بدامنی نہ ہو۔