سمندری راستے سے آنے والے عازمین حج کے لیے خصوصی انتظامات

جدہ بندرگاہ سے 14 ذی القعدہ کو سمندر کے راستے عازمین کا پہلا قافلہ سعودی عرب میں داخل ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 جولائی 2019 17:18

سمندری راستے سے آنے والے عازمین حج کے لیے خصوصی انتظامات
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جولائی 2019ء) سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے آنے والے فرزندان توحید کی خاطرتمام فضائی، بحری اور زمینی راستے کھول دیئے ہیں۔ اس بار سمندر راستوں سے حج کرنے کے لیے آنے والے عازمین کے لیے مکمل اور جامع آپریشنل پروگرام تشکیل دیا گیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اس آپریشنل پروگرام کا مقصد اللہ کے مہمانوں کو ہر ممکن سہولت مہیا کرنا اور ان کی تمام ضروریات پوری کرنے میں ان کی مدد کو یقینی بنانا ہے تاکہ وہ فریضہ حج کے دوران پُوری یکسوئی کے ساتھ مناسک حج ادا کر سکیں۔

سمندری راستوں سے آنے والے عازمین حج کے لیے آپریشنل پروگرام کی نگرانی سعودی پورٹس اتھارٹی کے ذمے ہے۔ اس ادارے کو دیگر سرکاری اور نجی اداروں کا تعاون بھی حاصل رہے گا۔

(جاری ہے)

اتھارٹی کے مطابق مختلف بندرگاہوں پر عازمین حج کے لیے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں۔ 14 ذی القعدہ کو جدہ بندرگاہ سے سمندر کے راستے عازمین حج کا پہلا قافلہ سعودی عرب میں داخل ہوگا۔

اس کے بعد روزانہ کی بنیاد پر عازمین حج کی آمد 4 ذی الحج تک جاری رہے گی۔ اتھارٹی کے مطابق اس سال جدہ بندرگاہ سے 22 ہزار عازمین حج کی سعودیہ میں داخلے کی امید ہے جب کہ گذشتہ برس 16 ہزار عازمین حج سعودی عرب داخل ہوئے تھے۔جدہ اسلامی بندرگاہ میں مسافر ٹرمینل میں فی گھنٹہ 800 عازمین حج کی آمدو رفت کی گنجائش ہے۔ ان تمام پلیٹ فارمزپرعازمین حج کی آمد ورفت کے لیے تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

آپریشنل پروگرام کے تحت عازمین حج کے سامان کی چھان بین کے لیے 14 جدید مشیں یں لگائی گئی ہیں۔ عازمین حج کے سامان کی متنقلی کے لیے 700 ٹرالیوں، مریضوں اور خصوصی عازمین حج کے لیے 28 بسوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ جدہ بندرگاہ پر عازمین حج کی رہ نمائی کے لیے 266 گائیڈ مقررکیے گئے ہیں جو عازمین کو مختلف امور میں ان کی رہ نمائی فراہم کررہے ہیں۔مسافروں کے سامان کی چیکنگ کے لیے 'ایکسرے' سسٹم نصب ہے۔رواں سال اس بندرگاہ سے 40 ہزار عازمین حج کی آمد متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :