بحرِ احمر میں امریکا، مصر اور امارات کی مشترکہ مشقیں جاری ، سعودی عرب کی بطور مبصر شرکت

بدھ 24 جولائی 2019 09:30

قاہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2019ء) مصر ، امریکا اور متحدہ عرب امارات کی مشترکہ فوجی مشقوں جاری ہیں ۔سعودی عرب مبصر کے طور پر مشقوں میں شرکت کر رہا ہے۔ روسی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر کے فوجی ترجمان نے بتایا کہ مشقوں میں تارپیڈو ، میزائل لانچرز ، بارودی سرنگیں صاف کرنے والے جہاز اور مصر و امریکا کی بحری افواج کے اسپیشل دستے شرکت کر رہے ہیں۔

ایف 16ساخت کے لڑاکا طیارے مشقوں میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا اہم مقصد سمندر میں دھماکہ خیز اشیاء ہٹانا اور بارودی سرنگوں کے انسداد کی منصوبہ بندی اور آپریشن ہے۔مصری افواج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا اور مصر کے فوجی دستوں نے مشکوک جہاز کے خلاف آپریشن کی مشق شروع کر دی۔ اس کامقصد علاقے کے سمندر میں امن و استحکام کو یقینی بنانا جدید ترین جنگی نظام سے واقفیت حاصل کرنا اور تجربات کا تبادلہ ہے۔ مشقوں میں فرانس اور مصر کے 2تارپیڈو شامل ہیں۔مشقوں کو عقاب کی سلامی 2019ء کا نام دیا گیا ہے۔