مصلیٰ باب رحمت بند کرنے سے متعلق اسرائیلی دعوے من گھڑت ہیں،اردن

ْ اس حوالے سے اردن اور اسرائیل کے درمیان کوئی نیا سمجھوتہ نہیں ہوا ہے،سینئر اردنی عہدیدار

بدھ 24 جولائی 2019 13:25

عمان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2019ء) اردن نے اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ان خبروں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ اردن اور اسرائیل کے درمیان مسجد اقصیٰ کے مصلیٰ باب رحمت کو 6 ماہ کے لیے بند کرنے اور اس کے بعد اردنی محکمہ اوقاف کے حوالے کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اردن کی سرکاری نیوز ایجنسی نے ایک سینئر حکومتی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی اخبارات میں مصلیٰ باب رحمت کی بندش کے حوالے سے آنے والی تمام اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

اس حوالے سے اردن اور اسرائیل کے درمیان کوئی نیا سمجھوتہ نہیں ہوا ہے۔اردنی عہدیدار کا کہناتھاکہ باب رحمت اور مصلیٰ باب رحمت کے حوالے سے اردن اپنے اصولی موقف پرقائم ہے۔

(جاری ہے)

ہمارا موقف ہے کہ مصلیٰ باب رحمت مسجد اقصیٰ کا حصہ ہے اور اس کا حکم مسجد اقصیٰ کے دیگر اہم مقامات کے حکم میں داخل ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی میڈیا مقدس مقامات کے تاریخی اسٹیٹس کو تبدیل کرنے کے لیے قانونی اور تاریخی حقائق مسخ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔اردنی ذرائع کا کہنا تھا کہ مصلیٰ باب رحمت کی مرمت اور اسے 2003ء والی پوزیشن پربحال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ فلسطینی زائرین اور نمازی آزادی کے ساتھ وہاں پر عبادت کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :