محکمہ صحت سرگودھا ڈینگی کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات کررہا ہے، ڈاکٹر طارق حسن

بدھ 31 جولائی 2019 16:45

محکمہ صحت سرگودھا ڈینگی کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات کررہا ہے، ڈاکٹر ..
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2019ء) حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں محکمہ صحت سرگودھا ڈینگی کے خاتمہ کے لئے عملی اقدامات کررہا ہے ۔ محکمہ صحت سرگودہا کی جانب سے سرویلنس ٹیمیں ڈینگی لاروے کی انسپکشن کے لئے سروے کا کام مکمل کرچکی ہیں ۔اِن خیالات کا اظہار محکمہ صحت کے دینگی کے فوکل پرسن ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر طارق حسن نے اے پی پی سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہاکہ ضلع بھرمیں کُل19مقامات پر ڈینگی لاروا پایا گیا اور 350مریضوں ڈینگی کا ٹیسٹ کروایا لیکن اس سلسلہ میں کسی ایک مریض میں بھی ڈینگی ٹیسٹ مثبت نہ آیا۔ انہوںنے بتایا کہ ضلع بھرمیں لاروا انسپکشن کے لیے کُل501ٹیموں نے حصہ لیا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ برسات کے موسم میں لاروا سے مکمل ڈینگی مچھر بننے کا امکان ہوتاہے ۔

(جاری ہے)

اسی سلسلہ میں انسپکشن کے دوران پائے جانے والے لارواکو تلف کردیا گیاہے۔

ڈاکٹر طارق حسن نے بتایاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میں ڈینگی کنٹرول پروگرام کے سلسلہ میں خصوصی وارڈ بھی بنایا گیاہے ۔ ڈینگی کے خاتمہ کے لئے اور عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت باہمی تعاون سے اقدامات کررہے ہیں ۔انہوںنے مزید کہاکہ شہری اس موسم میں بارشی پانی کو زیادہ دیر تک کھڑا نہ رہنے دیاجائے اور صفائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔