موسم برسات میں گیسٹرو سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد کی ہدایت کر دی گئی

بدھ 7 اگست 2019 14:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2019ء) محکمہ صحت پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے موسم برسات کے دوران گیسٹرو ( اسہال)، ہیضہ ، یرقان جیسی مہلک امراض کے پھیلائو کو روکنے کیلئے عوام الناس سے فوری طور پر احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے کہا کہ بارشوں کے باعث پانی کو اچھی طر ح ابال کر پینے کیلئے استعمال کیا جائے ، کھانا کھانے سے پہلے ہاتھ صابن سے اچھی طرح دھو لئے جائیں، کھانے پینے کی اشیاء کو ڈھانپ کر رکھا جائے ، باسی و گلے سڑے اور کچے پھل و سبزیاں ، کھلے مشروبات ، رنگ دار گولے و قلفی اور دیگر غیر معیاری بازاری اشیاء کھانے سے گریز کیا جائے اور گھر کے اندرونی و بیرونی ماحول کو صاف ستھرا رکھاجائے ۔

انہوںنے کہا کہ اسہال کی صورت میں نمکو ل کا کثرت سے استعمال کیا جائے ، دستوں کی صورت میں نرم غذا کھانے ، پینے والی اشیاء کے زیادہ استعمال سمیت فوری طور پرقریبی ماہر طب و کوالیفائیڈ میڈیکل افسر سے رابطہ کیا جائے تاکہ کسی ناگہانی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :