ڈاکٹر ظفر عباس خان بلوچ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعینات

جمعرات 8 اگست 2019 13:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2019ء) ممتاز ماہر طب و ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ظفر عباس خان بلوچ کو فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا نیا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس عہدہ پر اضافی ڈیوٹی سر انجام دینے والے ڈاکڑ محمد ندیم اختر سینئر میڈیکل آفیسر /ایڈیشنل ایم ایس ایڈمن ایف آئی سی فیصل آباد سے اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے۔

اس ضمن میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیاہے۔ڈاکٹر ظفر عباس خان بلوچ قبل ازیں بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ڈاکٹر ظفر عباس خان بلوچ کا شمار محکمہ صحت پنجاب کے انتہائی فرض شناس ، محنتی ، دیانتدار ، تجربہ کار اور مخلص افسران میں ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ ان کی حالیہ تقرری کے دوران ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ نے تمام ہیلتھ انڈیکیٹرز کے حوالے سے صوبہ بھر میں نہ صرف پہلی پوزیشن حاصل کی ہے بلکہ ڈاکٹر ظفر عباس خان کی جدو جہد اور شاندار کارکردگی کے باعث انہیں محکمانہ طور پر خصوصی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ظفر عباس خان بلوچ قبل ازیں بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد ، سی ای او ہیلتھ جھنگ ، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ ، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ ، پروگرام ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈویلپمنٹ سنٹر جھنگ اور دیگر اہم عہدوں پر بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔ دریں اثناء پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن فیصل آباد اور دیگر تنظیموں نے ڈاکٹر ظفر عباس خان بلوچ کی بطور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی تقرری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئیادارے کے مسائل کے حل اور اسے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کی طرز پر ملک کا جدید ترین امراض قلب کا ادارہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔