اگرجلائو گھیرائو ثابت نہیں ہوسکا تو ہمیں چھوڑ دیں ذلیل نہ کریں‘ علیمہ خان

منگل 21 مئی 2024 14:05

اگرجلائو گھیرائو ثابت نہیں ہوسکا تو ہمیں چھوڑ دیں ذلیل نہ کریں‘ علیمہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ اگر جلائو گھیرائو ثابت نہیں ہوسکا تو ہمیں چھوڑ دیں ذلیل نہ کریں، آپ نے لوگوں کو جیلوں میں مارنا شروع کر دیا ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہم کئی ماہ سے عدالت آ رہے ہیں ادھر جج ہی نہیں، ہائیکورٹ سے کہتی ہوں کہ یہ تماشا بند کرا دیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے یہ جلائو گھیرائو کیا تو ہمیں جیل بھیج دیں، اگر ہم پر یہ ثابت نہیں تو ہمیں چھوڑ دیں، آپ نے لوگوں کو جیلوں میں مارنا شروع کر دیا ہے، جیل میں جب کوئی بیمار ہوتا ہے اس کو دیکھنا چاہیے۔چیف جسٹس ہائیکورٹ سے اپیل ہے کہ بے گناہ لوگوں کو جیلوں سے نکالا جائے۔

(جاری ہے)

علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اب جیلوں کے باہر بیٹھ جائیں گے، پولیس ہماری حفاظت کے لئے ہے ہم پر ظلم کرنے کیلئے نہیں۔

سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ حکومت مذاکرات کا کہتی ہے کرتی نہیں، ملک اچھائی کی طرف جا ہی نہیں سکتا جب تک مذاکرات نہ ہوں۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ دیرینہ موقف ہے بات مذاکرات پر ہی ختم ہونی ہے۔میڈیا سے گفتگو میں عمرایوب نے کہا کہ بابر اعوان نے عدالت کو پورا قانون سمجھایا ہے، عدالت کا مشکور ہوں جنہوں نے انصاف کیا، یہ سارے جھوٹے مقدمات ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ کالا قانون بنایا جا رہا ہے، آئین کے مطابق کسی کی زبان بندی نہیں کی جا سکتی، دو ادارے آمنے سامنے نہیں آسکتے، ہم اس بل پر قومی اسمبلی میں تنقید کریں گے، آپ تاریخ پڑھ کر دیکھ لیں، مارشل لا اسکندر مرزا نے لگایا تھا۔