محمد حفیظ ویٹالٹی بلاسٹ کیلئے مڈل سیکس کاﺅنٹی سے منسلک

ابراہام ڈی ویلیئرز کی عدم موجودگی میں انگلش کلب کیلئے تین میچوں میں حصہ لیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 14 اگست 2019 11:51

محمد حفیظ ویٹالٹی بلاسٹ کیلئے مڈل سیکس کاﺅنٹی سے منسلک
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 اگست 2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے مختصر معاہدے کے تحت انگلش کاﺅنٹی مڈل سیکس کو جوائن کرلیا جہاں وہ جنوبی افریقی بیٹسمین ابراہام ڈی ویلیئرز کی جگہ وٹالٹی بلاسٹ کے تین ٹی ٹونٹی میچوں میں شرکت کریں گے۔واضح رہے کہ ابراہام ڈی ویلیئرز لیگ مرحلے کے اختتامی عرصے میں 29 اگست کو ہمپشائر کیخلاف میچ سمیت دو مقابلوں کیلئے دوبارہ مڈل سیکس سے منسلک ہو جائیں گے اور اگر ان کی ٹیم نے کوالیفائی کرلیا تو پھر وہ ناک آﺅٹ راﺅنڈ میں بھی شرکت کریں گے۔

کینیڈا میں جاری گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ میں ایڈمنٹن رائلز کی نمائندگی کرنے میں مصروف محمد حفیظ کی ذمہ داریاں ختم ہو گئی ہیں جو آج انگلینڈ پہنچ کر انگلش کاﺅنٹی ایسیکس کیخلاف میدان سنبھال سکتے ہیں جبکہ انہیں ابراہام ڈی ویلیئرز کی سکواڈ میں واپسی سے قبل ہمپشائراور سسیکس کیخلاف میچز کھیلنے کا بھی موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

ماضی میں لیورپول لیگ میں کھیلنے والے محمد حفیظ پہلی مرتبہ کاﺅنٹی کرکٹ کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گے جن کو حالیہ موقع افغان سپنر مجیب الرحمن کی وجہ سے بھی ملا ہے جو وطن واپس طلب کر لئے گئے ہیں۔

مڈل سیکس کے ڈائریکٹر آف کرکٹ اینگس فریزر کے مطابق وہ بہت خوش ہیں کہ انہیں محمد حفیظ جیسے تجربہ کار اور اہل پلیئر کی خدمات حاصل ہوئی ہیں جو ٹی ٹونٹی بلاسٹ کے کچھ میچوں میں حصہ لیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ابراہام ڈی ویلیئرز اور مجیب الرحمن کا خلاءپر کرنے کیلئے مناسب متبادل کی تلاش کوئی آسان کام نہیں تھا تاہم جن امیدواروں کے ناموں پر غور کیا ان میں محمد حفیظ ٹاپ پر تھے۔