معاشی ترقی میں انڈسٹریل اسٹیٹس کا کردار اہم ہے، لاہور چیمبر

جمعہ 16 اگست 2019 17:13

معاشی ترقی میں انڈسٹریل اسٹیٹس کا کردار اہم ہے، لاہور چیمبر
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2019ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ انڈسٹریل سٹیٹس کسی بھی ملک میں صنعتی ترقی ، روزگار کی فراہمی ، برآمدات میں اضافہ اور معاشی ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ملک میں زیادہ سے زیادہ انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام ان مقاصد کے حصول میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر میں فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی(فیڈمک) کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر کیا۔ خواجہ شہزاد ناصر اور فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمیں صنعتوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انڈسٹریلائزیشن کے فروغ میں نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے خاص انڈسٹریل پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میںکارپوریٹ آمدن پر دس سال ٹیکس استثنیٰ اور پلانٹ اور مشینری کی ڈیوٹی فری درآمد جیسی مراعات دی جاسکتی ہیں تاہم اس سے روزگار کے مواقعوں میں بھی اضافہ ہوگا۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں بڑے صنعتی علاقوں میں سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوگا۔ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک نے ہمیشہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے اپنے کسٹمرز کی سہولت اور ان کے مسائل کے حل کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کرتا رہا ہے ۔فیڈمک کے چیئرمین اور سی ای او میاں کاشف اشفاق ، سابق صدر سہیل لاشاری، ندیم قریشی ، اورنگزیب اسلم اور میاں محمد نواز نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔