ملکی صورت حال کے پیش نظر محرم میں امن و امان کے قیام کیلئے سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، ڈی پی او مانسہرہ

ہفتہ 24 اگست 2019 12:49

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) ڈی پی او مانسہرہ زیب الله خان نے محرم الحرام کے حوالہ سے اہل تشیع حضرات کے وفد کے ساتھ خصوصی ملاقات کی، تمام تر مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ زیب الله خان کی سربراہی میں محرم الحرام کے حوالہ سے اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ایس پی ہیڈ کواٹرز مختیار احمد، ڈی ایس پی ہیڈکواٹرز بشیر احمد اور اہل تشیع کے وفد نے شرکت کی۔

ڈی پی او نے میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ملکی صورت حال کے پیش نظر ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے کیلیے سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ سب لوگ محرم الحرام کے دوران اپنا کردار ادا کریں اور مجالس اور جلوسوں کے دوران مانسہرہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور کوئی بھی ایسی تقاریر نہیں کریں گے جس سے فرقہ وارانہ فسادات پیدا ہونے کا خدشہ ہو یا کسی بھی مسلک کی دل آزاری ہو۔

(جاری ہے)

ڈی پی او زیب الله خان نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع کے امن و امان پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی شہر کے پُرامن ماحول پر کوئی آنچ آنے دیں گے اور کسی کو بھی ضلع کا امن خراب کرنے سمیت کسی کو بھی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ اہل تشیع کے وفد نے یقین دہانی کرائی کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجلسوں کے دوران امن و امان کے قیام کیلیے مانسہرہ پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔