پاکستان ٹیکس چوری کا متحمل نہیں ہو سکتا، ڈپٹی کمشنر ایف بی آر

جمعرات 29 اگست 2019 16:19

پاکستان ٹیکس چوری کا متحمل نہیں ہو سکتا، ڈپٹی کمشنر ایف بی آر
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2019ء) ڈپٹی کمشنر ایف بی آر ظفر جمال جسراء نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیکس چوری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ملک کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لئے ذمہ داری سے ٹیکس ادا کرنے کا کلچر اپنانا ہو گا، ریاست سے حقوق کا تقاضا کرنے والوں کو ٹیکس بھی اپنا فرض سمجھ کر ادا کرنا چاہیے، طلباء اپنے والدین، عزیز اوقارب اور معاشرے کے دیگر افراد میں ٹیکس کی ادائیگی بارے شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی کالج کے سال اول کے طلباء کے اعزاز میں منعقدہ ویلکم پارٹی سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کالج پرنسپل پروفیسر حامد یونس خان سمیت اساتذہ کرام اور طلباء نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ایف بی آر نے کہا کہ طلباء اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی درست سمت رہنمائی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، تعلیم کے فروغ کے لیے نجی تعلیمی ادارے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ فنی تعلیم پر خاص توجہ دیں تاکہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ ملازمت کی تلاش کی بجائے خود روزگار کما سکیں اور دوسروں کے لیے روزگار کی فراہمی کا ذریعہ بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء علامہ محمد اقبال کے خودی کے فلسفے پر عمل کریں اپنی زندگیوں اور شخصیت کو اپنے اخلاق و کردار سے جاذب ِنظر بنائیں۔

تقریب سے پرنسپل پروفیسر حامد یونس خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ 2 دہائیوں سے تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہے، طلباء کو نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے یکساں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں اور معیاری تعلیم ان کے ادارے کا شیوہ ہے۔ تقریب میں طلباء نے ٹیبلوز کے ذریعے کشمیریوں کو خراج ِتحسین پیش کیا۔