لاہور چیمبر کا صنعتوں کیلئے پانی کے بھاری چارجز ماہانہ بنیادوں پر فکس کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

جمعرات 29 اگست 2019 21:45

لاہور چیمبر کا صنعتوں کیلئے پانی کے بھاری چارجز ماہانہ بنیادوں پر فکس ..
لاہور۔29 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2019ء) لاہور چیمبر نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) پر زور دیا ہے کہ وہ صنعتوں کے لیے پانی کے بھاری چارجز ماہانہ بنیادوں پر فکس کرنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے اور ان چارجز کی دیگر شہروں سے ہم آہنگی یقینی بنائے۔ میاں عبدالرزاق کی سربراہی میں فیروز پور روڈ انڈسٹریل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے کہا کہ پانی صنعتوں کا اہم خام مال اور اس کی قیمتوں کے اثرات پیداواری لاگت پر مرتب ہوتے ہیں۔

میاں عبدالرزاق نے لاہور چیمبر کے صدر کو آگاہ کیا کہ واسا نے کچھ عرصہ قبل ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے صنعتوں کے لیے ایک کیوسک ٹیوب ویل کی تنصیب پر ایک لاکھ ماہانہ جبکہ آدھے کیوسک کے ٹیوب ویل کی تنصیب پر پچاس ہزار روپے ماہانہ چارجز فکس کردئیے ،خواہ صنعتیں پانی استعمال کریں یا نہ کریں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی فیصل آباد نے ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے فی کیوسک پانی کا فکس ریٹ 19320روپے مقرر کیا ہے۔ دوشہروں میں پانی کے چارجز میں اس قدر فرق غیر منصفانہ ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے امید ظاہر کی کہ صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے واسا صنعتوں کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے پانی کے چارجز میں کمی اور انہیں دوسرے شہروں کی مطابقت سے مقرر کرے گی۔

متعلقہ عنوان :