سیمنٹ کی برآمدات میںگذشتہ مالی سال کے دوران 38 فیصد اضافہ

پیر 2 ستمبر 2019 10:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2019ء) سیمنٹ کی مقامی صنعت کے تحفظ اور برآمدات میں اضافہ کے لئے توانائی کی قیمت میں کمی اور سیمنٹ کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی کے نفاذ کی ضرورت ہے۔ سیمنٹ تیار کرنے والی قومی صنعت کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2018-19ء کے دوران سیمنٹ کی ملکی برآمدات میں 38 فیصد کا اضافہ ہواہے جبکہ مقامی فروخت 1.9 فیصد کی کمی سے 40.3 ملین ٹن تک کم ہو گئی۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت( مقامی و برآمدات) کے حجم میں 2فیصد کا معمولی اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے لئے سیمنٹ کی ملکی صنعت کی پیداواری استعداد کے 85 فیصد کے مساوی پیدوار حاصل کی گئی ہے۔ شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ کاروباری آسانیوں کی فراہمی سے سیمنٹ کی صنعت کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ارباب اختیار سے مطابلہ کیا ہے کہ مقامی صنعت کی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے توانائی کی قیمت میں کمی کی جائے جبکہ دوسری جانب سیمنٹ کی درآمدات کی حوصلہ شکنی کے لئے کسٹمز ڈیوٹی کے نفاذ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے سیمنٹ کی مقامی صنعت کی ترقی اور فروغ کے ساتھ ساتھ شعبہ میں مزید سرمایہ کاری کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔