پشاور ائیرپورٹ پر آب زمزم ڈھونڈتے ہوئے حجاج لگیج بیلٹ پر چڑھ گئے

وطن واپس پہنچنے والے حاجی آبِ زم زم کی گُمشدگی پر شدید پریشانی کا شکار ہوگئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 9 ستمبر 2019 16:51

پشاور ائیرپورٹ پر آب زمزم ڈھونڈتے ہوئے حجاج لگیج بیلٹ پر چڑھ گئے
پشاور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 ستمبر 2019ء) : پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر آبِ زمزم ڈھونڈتے ہوئے لگیج بیلٹ پر چڑھ گئے۔ تفصیلات کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی نااہلی کے باعث حاجی آبِ زمزم ڈھونڈتے ڈھونڈتے لگیج (سامان) کی بیلٹ پر چڑھ گئے۔ قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے عملے نے غفلت اور نااہلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آبِ زم زم پہنچانے میں دیر کر دی۔

حج کی سعادت کے بعد وطن واپس پہنچنے والے حاجی آب زم زم کی گمشدگی پر شدید پریشانی کا شکار ہوگئے اور انتظامیہ سے اس حوالے سے پوچھا تو وہ کوئی تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہی۔ اس پر حجاج کرام کی پی آئی اے کے عملے اور ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) سے تلخ کلامی ہوئی۔

(جاری ہے)

حاجی اپنا سامان ڈھونڈتے ڈھونڈتے لگیج مشین میں گُھس گئے جس سے ایک مضحکہ خیز صورتحال دیکھنے میں آئی جس پر اے ایس ایف اور سول ایوی ایشن حکام لگیج بیلٹ پر مسافروں کو دیکھتے رہے۔

سول ایوی ایشن انتظامیہ نے حالات پر قابو پاتے ہوئے حجاج کرام کو ان کا سامان فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے سی او او نے ممنوعہ جگہوں پر ویڈیو بنانے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ہے۔ باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر آبِ زمزم ڈھونڈتے ہوئے حجاج کرام کے لگیج بیلٹ پر چڑھنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جسے ائیرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) اور سول ایوی ایشن ( سی اے اے)حکام کی نا اہلی قرار دیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو دیکھ کر صارفین نے کہا کہ قومی ائیرلائن کو مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے خاطر خواہ اقدامات کرنے اور ائیرپورٹ پر نظم و ضبط کو یقنی بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ حجاج کرام کے لگیج بیلٹ پر چڑھنے کی ویڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: