نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کا یوم شہادت( آج) عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ،ْ ملک بھر کی طرح پنجاب کے ہزاروں مقامات پر مجالس عزا، علم اور شبیہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوں گے، صوبائی دارالحکومت میں مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوکر کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوگا،حضرت امام حسینؓ اور انکے رفقاء کی حق، انصاف اور اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیاجائے گا، لاہور سمیت صوبہ میں مجلسوں اور جلوسوں کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات

پیر 9 ستمبر 2019 19:50

لاہور۔9 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2019ء) نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ کا یوم شہادت (آج) منگل کو ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ۔شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مجالس عزا کے انعقاد کے علاوہ علم اور شبیہہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہو ں گے جبکہ علماء کرام و ذاکرین واقعہ کربلا کے فضائل و مصائب پر روشنی ڈالیں گے نیزحضرت امام حسینؓ اور انکے رفقاء کی حق، انصاف اور اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

اس سلسلہ میں صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ کے دیگر اضلاع میںہزاروں مقامات پر مذہبی اجتماعات اور تقاریب منعقد کی جائیں گی ، لاہور سمیت صوبہ بھر میں مجلسوں اور جلوسوں کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں،لاہور میں 10محرم کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی دروزاہ سے برآمد ہو کر کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہو گا جبکہ دیگرعلم اور شبیہہ ذوالجناح کے جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہو تے جائیں گے جس سے قبل مختلف علمائے کرام اور ذاکرین مجالس عزا سے خطاب کریں گے،مرکزی جلوس چوک رنگ محل ،ْ مسجد وزیر خان ،ْ چوہٹہ مفتی باقر سوہا بازار ،ْ اندرون ٹیکسالی گیٹ اور اندرون بھاٹی سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہو گا،جلوس میں خواتین سمیت بچوں، بوڑھوں کی کثیر تعداد شرکت کرے گی ۔

(جاری ہے)

جلوس کے روٹ پر دودھ اور پانی کی سبیلیں لگائی جائیں گی جبکہ جلوس کے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہو گی ۔اس سلسلہ میں لاہور کی مرکزی امام بارگاہ کربلا گامے شاہ سمیت صوبائی دارالحکومت کی تمام امام بارگاہوں کی سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی امام بارگاہوں،مجالس اور ماتمی جلوسوں کی سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔

امام بارگاہوں کے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹ اور اس کے قریبی علاقہ کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں۔جلوس کے اختتام پر کربلا گامے شاہ میں مجلس شام غریباں منعقد ہوگی جس سے مختلف نامور ذاکرین خطاب کریں گے،اخبارات بھی سیدالشہدا امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانی کے حوالے سے خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے،عاشورہمحرم الحرام پر عزا داروں کو بروقت طبی امداد پہنچانے اور ہر قسم کے مریضوں کوعلاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے لاہور ڈویژن کے ہسپتالوں میں فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، لاہور میں ٹریفک پولیس نے جلوسوں کے روٹس پر ٹریفک کو جلوسوں سے دورر کھنے کیلئے ٹریفک کے متبادل انتظامات کئے ہیں۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو ) کی طرف سے بھی عاشورہ محرم الحرام پربجلی کی مسلسل، بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات کئے گئے ہیں، علاوہ ازیں شہریوں کا اپنے بچھڑے ہوئے پیاروں کو ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کرنے کی غرض سے شہر خاموشاںمیں آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے۔