پنجاب میں نیاکاروبار شروع کرنے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کافیصلہ خوش آئند ہے‘ میاں خرم الیاس

کاروبار میں آسانیوں کیلئے صنعتکاروں کے نمائندوں سے بھی مشاورت کی جائے ‘چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

جمعرات 12 ستمبر 2019 15:13

پنجاب میں نیاکاروبار شروع کرنے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کافیصلہ خوش ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2019ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے پنجاب حکومت کی طر ف سے صوبہ میں نیا کاروبار شروع کرنے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے قوانین کا از سر نو جائزہ لینے کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

پنجاب حکومت کی طرف سے کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے کاروبار کی رجسٹریشن اور اس کو چلانے سے متعلق طریقہ کار کو آسان بنانے کیلئے انسپکشن فری بنانے کے ساتھ ساتھ کاروبار پر لگائے جانے والے غیر ضروری ٹیکسز کو ختم کرنے کی ضرورت ہے کاروبار کی رجسٹریشن اور اس کو چلانے کے لیے درکار لائسنسوں، این او سی اور اجازت سے متعلق تمام تفصیلات اکٹھی کرنے ،غیر ضروری تقاضوں کو ختم اور طریقہ کار کو آسان بنانے سے کاروبار میں آسانی سے متعلق عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگی اور غیر ملکی سرمایہ کار ی میں اضافہ ہوگا جس سے صوبہ خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

(جاری ہے)

میاں خرم الیاس نے کہا کہ کاروبار میں آسانیوں کیلئے صنعتکاروں کے نمائندوں سے بھی مشاروت کی جائے تاکہ ان کی تجاویز سے کاروبار میں آسانیاں اور بہتری آسکے۔انہوں نے کہا کہ انسپکٹر لیس رجیم کے سلسلہ میں لیبر اور سوشل ویلفیئر کے انسپکٹروں کی کاروباری اداروں کی چیکنگ کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ محکمہ ماحولیات کے انسپکٹروں کی فیکٹریوں کی چیکنگ کابھی خاتمہ کیا جائے کیونکہ ٹائون شپ انڈسٹریز یونٹ میں محکمہ کی طر ف سے کاروباری یونٹوں کو سیل کرنے سے کاروباری سرگرمیاں متاثر اور سینکڑوں مزدور بے روزگاری کا شکار ہیں اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔اس لیے محکمہ کی طر ف سے سیل کیے گئے یونٹوں کو فوری طور پر کھولا جائے تاکہ کاروبار بحال ہوسکے۔