بلدیہ جنوبی؛ چارجڈ پارکنگ مافیا ایک بار پھر سرگرم

تجاوزات،بغیر اجازت سڑکوں کی کھدائی ،پانی،سیوریج کے ناجائز کنکشنز کا سلسلہ بھی جاری

ہفتہ 14 ستمبر 2019 17:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2019ء) بلدیہ جنوبی کراچی میں بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کا سلسلہ مزید تیز ہوگیا جب کہ چارجڈ پارکنگ مافیاایک بار پھر سرگرم ہوگئی۔ذرائع کے مطابق تجاوزات،بغیر اجازت سڑکوں کی کھدائی ،پانی،سیوریج کے ناجائز کنکشنز کا سلسلہ بھی جاری ہے،مبینہ طور پربلد یہ جنوبی کی اعلی شخصیات کی ایما پر تمام غیر قانو نی کام کیے جارہے ہیں،غیر قانونی طور پر سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے احکام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کلرک کو اسٹنٹ ڈائریکٹر کا چارج دیا گیا،پھر چارج واپس لینے کا آرڈر کیا گیا۔

دباو آنے پر دوبارہ کلرک کو اسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات کردیا گیا،ذاتی پسند ناپسند پرٹرانسفر پوسٹنگ کی جارہی ہے،کام کرنے والے ملازمین اور افسران کو ناجائزطور پر تنگ کر نے کی شکایت بھی موصول ہورہی ہے،غیرقانونی طور پر معطل تک کیا جارہا ہے،لائٹ ہاوس ،سول اسپتال ،ایس آئی یو ٹی اور دیگر علاقوں میں برائے نام ادائیگی کر کے غیرقانونی طور پر اضافی پارکنگ وصول کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

مبینہ طور پربھتے کے عوض تجاوزات قائم کی جارہی ہیں،بھتہ نہ دینے والوں کا سامان دکانوں کے اندرسے بھی اٹھالیا جاتا ہے،ملازمین نے سجن یونین کی قیادت پر دباو ڈالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان سے عدالت میں ان بدعنوانیوں کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے، چیئرمین بلدیہ جنوبی کراچی کے خلاف احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔