وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا میرپورخاص واقعے پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار

رمیش بھیل کو مبینہ طور پر ایمبولنس سروس فراہمی سے انکار کرنے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور سول سرجن / ٹرانسپورٹ انچارج کی خدمات معطل کو کردیا

اتوار 15 ستمبر 2019 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے میرپورخاص واقعے پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا اور انہوں نے ایک شخص رمیش بھیل کو مبینہ طور پر ایمبولنس سروس فراہمی سے انکار کرنے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور سول سرجن / ٹرانسپورٹ انچارج کی خدمات معطل کو کردیاہے۔ واضح رہے کہ رمیش بھیل نے اپنے دو سالہ بیٹے چیتن کو سول اسپتال میرپورخاص میں علاج کے لئے داخل کرایا تھا، بچہ زندہ نہ رہ سکا اور رمیش نے اسپتال انتظامیہ سے ایمبولینس کی درخواست کی کہ وہ اپنے بیٹے کو اس کے آبائی گاں منتقل کرنا چاہتا ہے۔

اسپتال انتظامیہ نے مبینہ طور پر اسے مفت ایمبولینس دینے سے انکار کردیا۔ لہذا رمیش اور اسکے بھائی کیول نے اپنے طور پر بچے کی لاش انکے آبائی گاں اصغر درس پہنچانے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

میرپورخاص۔سندھڑی روڈ پر تیز رفتار منی ٹرک نے ان کو ٹکر مار دی جس کی نتیجے میں کہ وہ دونوں اپنے گاں جاتے ہوئے راستے میں جاں بحق ہوگئے۔وزیراعلی سندھ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر سیکریٹری صحت کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا۔

انکوائری آج بروز پیر سے شروع ہوگی ۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکریٹری صحت سعید اعوان کو ایک بار پھر ہدایت کی کہ تحقیقات کے آغاز سے قبل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد اسلم اور سول سرجن / انچارج ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر خلیل میمن کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔ سیکریٹری صحت نیکل بروز اتوار کو ہی انکے معطلی کے احکامات جاری کر دیئے۔

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبہ بھر کی تمام اسپتالوں کی ایمبولنس سروس کی تفصیلات بھی فراہم کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بتایا جائے کس اسپتال میں کتنی ایمبولینس ہیں اور عوام کی خدمت میں یہ ایمبولینسز کس طرح استعمال کی جاتی ہیں تمام ریکارڈ پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا یہ ایک سنگین واقعہ ہے اور اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کے ساتھ ایک تفصیلی انکوائری رپورٹ پیش کریں۔