سینکٹروں علماء، خطباء اور مشائخ عظام کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کی مذمت کے لئے احتجاجی مظاہرے اورریلی

اتوار 15 ستمبر 2019 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) سینکٹروں علماء، خطباء اور مشائخ عظام نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کی مذمت کے لئے احتجاجی مظاہرے اورریلی کا اہتمام کیا۔اتوار کو ریلیمیں شریک مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء نے نیشنل پریس کلب سے ڈی چوک تک مارچ کیا اور بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے نہتے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

آزادی کشمیر علماء ریلی کا اہتمام وفاقالمدارس العربیہ نے کیا تھا، ریلی کے شرکاء نے بھارتی مظالم کی مذمت اور کشمیری عوام کی آزادی کے حق میں نعروں والے پوسٹر اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔انہوں نے کشمیری عوام سے یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور نعرے بازی بھی کی۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء نے بھارتی قابض افواج کے کشمیر سے فوری انخلاء کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری کے ضمیر کو بھی جھنجوڑا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام عالم اپنا دوہرا معیار ترک کرکے فوری طور پر کشمیریوں کو ان کا خود اردیت کا حق دلائے۔ انہوں نے کہ اکہ کشمیریوں کی آزادی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے اور کشمیریوں کی آزادی کے ہر قدم کی حمایت کریں گے۔ مظاہرے اور ریلی کی قیادت وفاق المدارس العربیہ کے ناظم مولانا قاضی عبدالرشید، ڈاکٹر عادل خان، مولانا پیر عزیزالرحمان ہزاروی، مولانا ظہور احمد علوی، مولانا نذیر احمد فاروقی، مولانا فضلالرحمان خلیل، مولانا عبدالمجید ہزاروی، مولانا عبدالغفور توحیدی، مولانا عبدالشکور نقشبندی، مولانا فیض الرحمان عثمانی، مولانا عدنان شاہ، مولانا حبیب الرحمان، مولانا انیس محمود، مولانا احسان چکیالوی، مفتی اویس عزیز اور دیگر کر رہے تھے انہوں نے ریلی کے شرکاء سے خطاب بھی کیا۔

دینی مدارس کے طلباء کی کثیر تعداد بھی ریلی میں شریک تھی ۔