وسیم اکرم باکسر محمد وسیم کی پذیرائی نہ ہونے پر دلبرداشتہ

کبھی کبھار قومی ہیروز کی قدر نہ کرنے پر ہمیں تھپڑ مار کر جگانے کی ضرورت ہوتی ہے:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 16 ستمبر 2019 11:36

وسیم اکرم باکسر محمد وسیم کی پذیرائی نہ ہونے پر دلبرداشتہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16ستمبر2019ء) پاکستان کے لیے متعدد کارنامہ سرانجام دینے والے پاکسر محمد وسیم کی شایان شان پذیرائی نہ ہونے پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم خاصے دلبرداشتہ ہیں۔محمد وسیم نے فلپائنی حریف کو پہلے ہی راﺅنڈ میں ناک آوٹ کر تے ہوئے جیت کشمیریوں کے نام کی تھی، اس حوالے سے چند حکومتی ارباب اختیار کے سوشل میڈیا پر پیغامات تو آئے لیکن ان کی وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر استقبال کے لیے کوئی نہیں آیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹرکا سہارا لیتے ہوئے محمد وسیم نے کہا کہ” ائیرپورٹ پر استقبال کے لیے مقابلوں میں شریک نہیں ہوتا،میرا مقصد یہ ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کا استقبال ہو، ہر تربیتی کیمپ، مقابلہ اور ٹور میرے لیے یہ ثابت کرنے کا موقع ہوتا ہے کہ پاکستان میں باکسنگ کا کتنا ٹیلنٹ موجود ہے“۔

(جاری ہے)

اس معاملے پر اپنے ردعمل میں وسیم اکرم نے کہا کہ” پورے پاکستان کی طرف سے معذرت کرتا ہوں، کبھی کبھار قومی ہیروز کی قدر نہ کرنے پر ہمیں تھپڑ مار کر جگانے کی ضرورت ہوتی ہے، محمد وسیم آئندہ فتح کا جھنڈا گاڑ کر واپس آئے تو خود ان کو لینے ائیرپورٹ جاﺅں گا، شاندار کامیابی پر ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں“۔