چیسٹ پین یونٹ سندھ حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے، مرتضی وہاب

صحت کے شعبہ میں دل کے امراض کا علاج بہت گراں ہے مگر حکومت سندھ بلا تخصیص تمام پاکستانیوں کو یہ سہولت مفت فراہم کر رہی ہے، افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 18 ستمبر 2019 00:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2019ء) ترجمان حکومتِ سندھ اور وزیر اعلی سندھ کے مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ این آئی سی وی ڈی کے چیسٹ پین یونٹس کا قیام حکومت سندھ کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی ٹائو ن میں چیسٹ پین یونٹ کے قیام کی افتتاحی تقریب میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں دل کے امراض کا علاج بہت گراں ہے مگر حکومت سندھ بلا تخصیص تمام پاکستانیوں کو یہ سہولت مفت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کے میعاری علاج معالجہ کی سہولت کا دائرہ کار پورے صوبہ میں پھیلایا گیا ہے یہ صوبہ کا بارہواں اور کراچی شہر کا نواں چیسٹ پین یونٹ ہے جہاں ہارٹ اٹیک کے مریض کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دے کر این آئی سی وی ڈی روانہ کردیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی مشیر کے ہمراہ این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے اس چیسٹ پین یونٹ کی افادیت کے بارے میں بتایا کہ اگر اورنگی ٹاو ن میں کسی شخص کو ہارٹ اٹیک ہو تو اسے اسپتال پہنچنے میں ایک گھنٹہ سے زائد وقت لگتا ہے ہمارا چیسٹ پین یونٹ فوری طبی امداد فراہم کرکے مریض کی جان بچانے میں معاون ثابت ہوگا۔ مشیر قانون نے کہا کہ حکومت سندھ حکومت کے اس اسٹیٹ آف دی آرٹ پراجیکٹ کو دنیا سراہ رہی ہے مگر وفاقی حکومت اس کام میں رکاوٹ پیدا کرنے کے کوشش کرتی رہی ہے جسے میڈیا نے اجاگر کیا جس کے بعد وفاقی حکومت کو اس اسپتال کو وفاقی تحویل میں لینے کا فیصلہ واپس لینا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ انتظامی اعتبار سے این آئی سی وی ڈی کی فنڈنگ سندھ حکومت کرتی ہے جبکہ وفاق کو اسے چلانے میں کوئی دلچسپی نہیں جبکہ سندھ حکومت نے بجٹ میں اب ہسپتالوں کے لیئے بجٹ میں پیسے رکھے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کراچی کو صاف کرنے کی مہم کے سربراہ وزیر اعلی سندھ ہوں گے جو اس صفائی مہم کی براہِ راست نگرانی کریں گے۔