امریکی سکیورٹیز میں روسی سرمایہ کاری میں کمی، 96 ارب سے کم ہوکر 8.5 ارب ڈالر پر آ گئی

جولائی کے دوران طویل اور مختصر مدتی سکیورٹیز میں روسی سرمایہ کاری کا حجم بالترتیب 6.2 اور 2.2 ارب ڈالر رہا

بدھ 18 ستمبر 2019 13:00

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) امریکہ نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے اس کی سکیورٹیز میں سرمایہ کاری تیزی سے کم ہوکر جولائی میں 8.5 ارب ڈالر پر آگئی ہے، اسی ماہ کے دوران طویل اور مختصر مدتی سکیورٹیز میں روسی سرمایہ کاری کا حجم بالترتیب 6.2 اور 2.2 ارب ڈالر رہا۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ کی جانب سے گزشتہ روز جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق روس جو کسی وقت امریکی سکیورٹیز کا بڑا خریدار رہا اور اس کی ان سکیورٹیز میں سرمایہ کاری کا حجم 96 ارب ڈالر تک پہنچ گیا تھا ، اس کی سرمایہ کاری میں کمی اپریل 2018 ء میں اس وقت سامنے آئی جب روس کے پاس امریکی سکیورٹیز کا مالیتی حجم کم ہوکر 48.7 ارب ڈالر پر آگیا، اگلے ہی ماہ (مئی 2018 ئ) مزید کم ہوکر 14.9 ارب ڈالر ، اپریل 2019ء میں 12.136 اور بالآخر جولائی 2019 ء میں اس کا حجم مزید کمی کے ساتھ صرف 8.5 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

اس وقت جاپان دنیا میں امریکی سکیورٹیز کا سب بڑا خریدار ہے جس کے پاس 1.13 ٹریلین ڈالر کی سکیورٹیز ہیں جبکہ چین کے پاس 1.10 ٹریلین ڈالرز کی امریکی سکیورٹیز ہیں۔