پنگریو،نواحی قصبے میں لسی بنا کر نہ دینے کے معاملے پر چانڈیو برادری کے دوگروپوں کے درمیان تصادم ،9افراد زخمی، ایک حالت تشویشناک

جمعرات 19 ستمبر 2019 23:56

پنگریو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) پنگریو کے نواحی قصبے ملکانی شریف میں بیس روپے کے دہی سے لسی بنا کر نہ دینے کے معاملے پر چانڈیو برادری کے دوگروپوں کے درمیان ہونے والے تصادم میں دونوں گروپوں کے 9 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے بتایا جاتا ہے کہ ملکانی شریف میں چانڈیو برادری کے شخص کی دودھ دہی کی دکان سے اس کی ہی برادری سے ہی تعلق رکھنے والے دوسرے شخص نے بیس روپے کا دہی خریدکراس کی لسی بنانے کے لیے کہا جس پردکان مالک نے جواب دیا کہ بیس روپے کے دہی سے لسی نہیں بن سکتی اس پردونوں کے درمیان تنازعہ پیدا ہوگیاجوکہ تصادم کی صورت اختیارکرگیا تاہم شہریوں اورپولیس کے درمیان میں پڑنے پر معاملہ رفع دفع ہوگیامگرجب دونوں فریقوں کے گھروں میں اس واقع کی اطلاع ملی تو دونوں گروپوں کے حامی گھروں سے لاٹھیاں اورراڈیں لے کرنکل آئے اورگاوں قاسم چانڈیومیں دونوں گروپوں کے درمیان زبردست تصادم ہوگیا تصادم کے دوران فریقین کے 9 افراد زخمی ہوگئے جن میں جانی چانڈیو۔

(جاری ہے)

جودھو۔سجن۔غلام قادر۔محمدقاسم۔گلاب۔حب علی۔حاکم علی اوروسیم چانڈیوشامل ہیں تصادم کے دوران۔گاوں قاسم چانڈیو میدان جنگ بن گیا اورخواتین وبچوں میں چیخ وپکارمچ گئی اطلاع ملنے پرایس ایچ اوپنگریو انسپکٹرعاشق لوند کی سرکردگی میں پولیس کی بھاری نفری گاوں قاسم چانڈیو پہنچ گئی اورزخمیوں کو پولیس موبائل اوردیگرگاڑیوں میں صحت مرکزپنگریو منتقل کیا جہاں پرزخمیوں کا علاج جاری ہے تاہم ایک زخمی جانی چانڈیو کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے سول اسپتال بدین ریفرکردیا گیا ہے دونوں گروپوں نے ایک دوسرے کے خلاف پنگریو تھانے میں رپورٹیں درج کرادی ہیں تاہم فوری طورپرکوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تصادم کے بعد دونوں گروپوں کے حامیوں کے دیہاتوں میں شدیدکشیدگی پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے علاقے میں خوف وحراس پایا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :