ْآئی ڈی ڈبلیو پی نے اسلام آباد کے 450 ملین روپے مالیت کے 12 نئے ترقیاتی پراجیکٹس کی منظوری دے دی

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) اسلام آباد ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (آئی ڈی ڈبلیو پی) نے اسلام آباد کے 450 ملین روپے مالیت کے 12 نئے ترقیاتی پراجیکٹس کی منظوری دے دی۔جمعرات کو چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد کی زیر صدارت اسلام آباد ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سوئی گیس کی فراہمی ، دیہاتی علاقوں میں لنک روڈز کی تعمیر ، سیوریج اور نکاسی آب سمیت 12 نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

نئے ترقیاتی منصوبوںکے لئے وزارت خزانہ سے 450 ملین روپے طلب کئے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ نے انتظامیہ کی جانب سے بھجوائی جانے والی سمری وزارت خزانہ کو ارسال کر دی ہے، یہ منصوبے وفاقی حکومت کے پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت منظور کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد کی زیر صدارت اسلام آباد ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارت داخلہ ، وزارت خزانہ اور پلاننگ کمیشن کے افسران کے علاوہ ڈی جی ڈویلپمنٹ ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے شرکت کی۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ فنڈز کی فراہمی کے فوری بعد ان ترقیاتی کاموں پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے اور ان تمام پراجیکٹس کو موجودہ مالی سال میں ہی مکمل کیا جائے۔ اس حوالے سے چیف کمشنر نے کہا کہ تمام ترقیاتی کاموں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایگزیکٹو انجینیئر لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ تمام پراجیکٹس کی مانیٹرنگ وہ خود کریں۔ واضح رہے کہ 5 سال کے وقفے کے بعد حکومت نے اسلام آباد کی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کو بحال کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :