پی ٹی اے کا ایف آئی اے اور آئی بی کے ساتھ مل کر چھاپہ‘ ایک غیرقانونی ٹریفک سیٹ اپ ضبط کر لیا گیا

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) غیرقانونی گرے ٹریفک کی روک تھام کے حوالے سے جاری کوششوں کے سلسلے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی ای) اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے ساتھ مل کر ایک کامیاب چھاپہ مارا۔ یہ چھاپہ ’’بلاک رضا آباد، بازار نمبر 1، فیصل آباد‘‘ میں ایک غیر قانونی وی آئی پی سیٹ اپ پر مارا گیا۔

(جاری ہے)

چھاپے کے دوران ایک غیرقانونی ٹریفک سیٹ اپ ضبط کر لیا گیا جبکہ ٹیم نے 19 فعال غیر قانونی گیٹ ویزاور5000 سمز بشمول 11رائوٹرز، 4 سمارٹ فون، 14 انٹرنیٹ ڈیوائسز اور18 لیپ ٹاپ وغیرہ سمیت دیگر متعلقہ آلات قبضہ میں لے لئے ہیں۔ موقع پرتین افراد کو گرفتار کر لیا گیا تاہم مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔ غیر قانونی ٹریفک کی روک تھام کے لئے یہ کامیاب چھاپہ پی ٹی اے کی لگاتار مانیٹرنگ، عزم اور مسلسل کوششوں کی بدولت ممکن ہوا تاکہ قومی خزانے کو ان غیر قانونی گرے اسمگلروں کی وجہ سے ہونے والے ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔