شاہد خاقان عباسی پورے ایل این جی پراجیکٹ کی ذمہ داری لیتے ہیں

ان کا مطالبہ ہے کہ پراجیکٹ کی پوری ذمہ داری لوں گا ، مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں اور دونوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 23 ستمبر 2019 13:33

شاہد خاقان عباسی پورے ایل این جی پراجیکٹ کی ذمہ داری لیتے ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 ستمبر 2019ء) : نیب کی زیر حراست سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی پراجیکٹ کی پوری ذمہ داری لینے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ اس حوالے سے کالم نگار انصار عباسی نے اپنے حالیہ بتایا کہ شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی کیس کے حوالے سے تمام متعلقہ حکام اور دیگر متعلقہ افراد بشمول مفتاح اسماعیل اور شیخ عمران الحق (جو نیب کی حراست میں ہیں) کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ اس معاملے کی ذمہ داری ان پر (شاہد عباسی) پر ڈال دیں تاکہ انہیں نیب کے عتاب سے بچایا جا سکے۔

ان کی پارٹی اور خاندان کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ شاہد خاقان عباسی پورے ایل این جی پروجیکٹ کی ذمہ داری لیتے ہیں۔ انصار عباسی کے مطابق شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ مجھے پہلے ہی اندازہ تھا کہ نیب بالآخر مفتاح اسماعیل، شیخ عمران الحق اور کئی دیگر کو گرفتار کرکے مجھ پر دباؤ ڈالے گا۔

(جاری ہے)

گرفتاری سے کئی ہفتے قبل انہوں نے اپنے بیٹے سے کہا تھا کہ وہ اُن لوگوں سے رابطہ کرکے انہیں بتائے کہ وہ نیب کی جانب سے جیل میں ڈالے جانے سے بچنے کے لیے جو بیان اپنی مرضی سے دینا چاہیں دے سکتے ہیں۔

اگر یہ لوگ نیب کی جیل یا حراست سے بچنے کے لیے سلطانی گواہ بن بھی گئے تو وہ ان کے خلاف دل میں کوئی بات نہیں رکھیں گے۔ کالم نگار نے بتایا کہ  ان میں سے کچھ افراد جیسا کہ آئی ایس جی ایس کے مینیجنگ ڈائریکٹر مبین صولت اور پیٹرولیم کے سابق سیکریٹری عابد سعید نے یہی کیا اور وزیر کیخلاف بیان دیا (اور ساری ذمہ داری ان پر ڈال دی) اور خود کو کسی بھی طرح کے مبینہ غلط کام سے بری الذمہ قرار دیا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیب کو یہ تک کہہ دیا ہے کہ وہ خود اس معاملے کی پوری ذمہ داری لینے کو تیار ہیں اور مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں اور دونوں کوفوری طور پر رہا کر دیا جائے۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اس وقت نیب کی حراست میں ہیں جہاں نیب ان سے تحقیقات کر رہی ہے۔