اسلام آباد ہائی کورٹ نے عطا الحق قاسمی، پرویز رشید، اسحاق ڈار اور فواد حسن فواد سے 19 کروڑ روپے جرمانے کی وصولی سے متعلق پی ٹی وی کی درخواست پر فریقین سے جواب طلب کر لیا

جمعرات 3 اکتوبر 2019 21:48

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عطا الحق قاسمی، پرویز رشید، اسحاق ڈار اور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2019ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں عطا الحق قاسمی، پرویز رشید، اسحاق ڈار اور فواد حسن فواد سے 19 کروڑ روپے جرمانے کی وصولی سے متعلق پی ٹی وی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2دسمبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ٹی وی کی درخواست پر سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سپریم کورٹ نے عطا الحق قاسمی، پرویز رشید، اسحاق ڈار اور فواد حسن فواد پر 19کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا تھا جو تاحال واجب الادا ہے۔

عدالت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرائے۔ عطا الحق قاسمی کے وکیل کاشف ملک نے درخواست پر اعتراض کیا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں یہ نہیں کیا کہ پی ٹی وی یہ رقم ہائی کورٹ کے ذریعے وصول کرے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے جبکہ اٹارنی جنرل کو بھی آئندہ سماعت پر عدالتی معاونت کے لیے طلب کر لیا ہے۔ مزید سماعت 2دسمبر کو ہو گی۔