کورین میوزک بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کا سعودی شائقین کی موجودگی میں فن کا شاندار مظاہرہ

ریاض کے کنگ فہد انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بین الاقوامی شہرت یافتہ میوزک سٹارز کی پرفارمنس دیکھنے کے لیے ہزاروں شائقین جمع ہوئے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 12 اکتوبر 2019 16:53

کورین میوزک بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کا سعودی شائقین کی موجودگی میں فن کا شاندار ..
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12اکتوبر2019ء ) گزشتہ روز جنوبی کورین میوزک بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کی شاندار میوزیکل پرفارمنس نے سعودی شائقین موسیقی کے دِلوں کو گرما کر رکھ دیا۔ ریاض کے کنگ فہد انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کورین میوزک اسٹارز کے فن سے محظوظ ہونے کی خاطر ہزاروں سعودی شائقین موجود تھے۔ اس موقع پر بینڈ کے مداحوں نے خصوصی بینرز، لائٹس اور اسٹیکر بھی لگا کھے تھے۔

اس بین الاقوامی شہرت کے حامل گروپ کی سعودی مملکت میں پہلی بار پرفارمنس سوشل میڈیا پر ’بی ٹی ایس اِن ریاض‘ کے نام سے ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا۔ اس میوزیکل شو کو لائیو بھی دکھایا گیا۔ اس موقع پر اسٹیڈیم میں بڑی اسکرینیں بھی نصب کی گئی تھیں۔پرفارمنس سے قبل پاپ میوزک سٹارز ریاض پہنچے تو ائیر پورٹ ان کے استقبال کی خاطر مداحوں کی بڑی تعداد موجودتھی۔

(جاری ہے)

کورین میوزیکل اسٹارز کو خصوصی سیکیورٹی میں کنگ فہد انٹرنیشنل اسٹیڈیم پہنچایا گیا۔ جہاں اس بینڈ نے اپنے مشہور گانے سو واٹ، ناٹ ٹو ڈے، مائیک ڈراپ اور دیگرمقبول گانے سُنا کر شائقین سے بھرپور داد سمیٹی۔ پرفارمنس کے دوران میوزک بینڈ کی جانب سے اپنے سعودی مداحوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔ جبکہ کنسرٹ کے اختتام پر بی ٹی ایس سٹارز کا کہنا تھا کہ انہیں سعودی عرب آ کر بہت اچھا لگا۔

وہ ایک مرتبہ پھر یہاں آ کر پرفارمنس دینا چاہیں گے۔ کنسرٹ کے اختتام پر رنگا رنگ آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔واضح رہے کہ بی ٹی ایس کا شمار دُنیا کے مقبول ترین بینڈز میں ہوتا ہے۔اس بینڈز میں شامل ساتوں نوجوان اپنی متاثر کُن آواز کے علاوہ خوبصورتی کے باعث بھی ایشیا کے پُرکشش ترین مرد ہونے کا اعزاز بھی پا چکے ہیں۔