کیا اداکاری کو ہمیشہ کیلئے خیرباد کہنے والے ہیں؟

حمزہ علی عباسی کے اعلان نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کر دیا

muhammad ali محمد علی اتوار 13 اکتوبر 2019 00:02

کیا اداکاری کو ہمیشہ کیلئے خیرباد کہنے والے ہیں؟
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اکتوبر2019ء) کیا اداکاری کو ہمیشہ کیلئے خیرباد کہنے والے ہیں؟ حمزہ علی عباسی کے اعلان نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق معروف اداکار حمزہ علی عباسی کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا گیا ہے جس نے ان کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
حمزہ علی عباسی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایک دہائی سے زائد کا سفراپنے اختتام کوپہنچا۔

اس ماہ کے اختتام پرمیں ایک اہم اعلان کروں گا، امید ہے کہ میری آواز بہت سوں تک پہنچے گی۔ حمزہ نے اس ٹویٹ کے ساتھ یہ بھی واضح کیا کہ رواں ماہ یعنی اکتوبرکےآخرتک وہ سوشل میڈیا استعمال نہیں کروں گا۔ سوشل میڈیا صارفین نے یہ ٹویٹ پڑھتے ہی قیاس آرائیاں شروع کردیں۔

(جاری ہے)

ایک دہائی سے زائد کا ذکرسن کر بہت سوں کو لگا کہ حمزہ اداکاری چھوڑ رہے ہیں تو کئی ایسے بھی تھے جنہوں نے قیاس کے گھوڑوں کو سیاست کے میدان تک دوڑادیا۔

یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی کی پہچان صرف اداکاری نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر وہ مذہبی حوالے سے بھی سرگرم رہتے ہیں جبکہ ایک پہلو ان کی حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف سے سیاسی وابستگی بھی ہے۔ حمزہ اور نیمل 25 اگست کو اسلام آباد میں ایک سادہ سی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے ۔ نیمل نے شادی سے کافی عرصہ قبل ہی شو بز چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔

سال 2006 میں تھیٹر سے اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والے حمزہ علی عباسی کے معروف ڈراموں میں ڈیبیو ڈرامہ میرے درد کو جو زباں ملے،پیارے افضل، ٹیلی فلمز ایک تھا راجہ ایک تھی رانی اور گلو ویڈز گولی، من مائل اور حال ہی میں آن ائرہونے والا ڈرامہ سیریل ’’الف ‘‘شامل ہے۔ فلمی سفر کی بات کی جائے توڈاکیومینٹریز کے علاوہ ان کی معروف فلموں میں ، میں ہوں شاہد آفریدی، وار، جوانی پھر نہیں آنی، ہو من جہاں، پرواز ہے جنوں، جوانی پھرنہیں آنی 2 شامل ہیں جبکہ حمزہ علی عباسی کی آنے والی فلم “مولا جٹ ” ہے جو سال 1979 میں ریلیز ہونے والی مولاجٹ کا سیکوئل ہے۔ حمزہ اس فلم میں نوری نتھ کے روپ میں نظر آئیں گے جب کہ ان کے ساتھی اداکاروں میں فواد خان اور ماہرہ خان شامل ہیں۔