انجینئرنگ کے میدان میں روزگار کے حوالے سے سوچ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، نجی کاروباری اداروں کے قیام سے روزگار کے حصول میں مدد ملے گی

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کا دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے انجینئرنگ ایجوکیشن اینڈ پریکٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 14 اکتوبر 2019 18:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ انجینئرنگ کے میدان میں روزگار کے حوالے سے سوچ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، نجی کاروباری اداروں کے قیام سے روزگار کے حصول میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈینز آف پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیر اہتمام دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے انجینئرنگ ایجوکیشن اینڈ پریکٹس کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ انجینئرنگ کے شعبہ میں روزگار کے حوالے سے سوچ کو تبدیل کرنا ہوگا کیونکہ ہر سال ہزاروں گریجویٹ فارغ التحصیل ہوتے ہیں اور حکومت سب کو روزگار فراہم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرز کو چاہیئے کہ وہ روزگار کے لئے سرکاری ملازمتوں پر انحصار کے بجائے نجی انٹر پرینیورشپ کی جانب بڑھیں جس سے انجینئرنگ کے میدان میں دوسروں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انجینئرز کی اپنی خودانحصاری میں مدد مل سکتی ہے۔