Live Updates

لیڈی ڈیانا کس معروف شخصیت کی محبت میں مبتلا ہو کر پاکستان آئی تھیں؟

لیڈی ڈیانا ڈاکٹر حسنات کی محبت میں مبتلا تھیں،ان کی والدہ سے ملنے کے لیے پاکستان آئیں،ماڈل ٹاؤن میں واقع گھر میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک بغیر بجلی کے بھی بیٹھی رہیں۔ عارف نظامی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 16 اکتوبر 2019 11:49

لیڈی ڈیانا کس معروف شخصیت کی محبت میں مبتلا ہو کر پاکستان آئی تھیں؟
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اکتوبر2019ء) معروف صحافی عارف نظامی کا کہنا ہے کہ پرنس ولیم کی والدہ لیڈی ڈیانا سے متعلق ایک بہت دلچسپ بات ہے کہ لیڈی ڈیانا جب 1996ء میں پاکستان آئی تھیں تو وہ عمران خان کی مہمان تھیں۔عمران خان نے ان کے اعزاز میں ڈنر دیا تھا اور میں بھی وہاں موجود تھا جہاں میری لیڈی ڈیانا سے ملاقات ہوئی۔لیڈی ڈیانا کے لیے لاہور میں ایک گھر کا انتظام کیا گیا تھا۔

لیڈی ڈیانا کا پاکستان آنے کا اصل مقصد ان کی محبت تھی۔وہ پاکستانی نژاد ڈاکٹر حسنات سے محبت کرتی تھیں، لیڈی ڈیانا ان سے شادی کرنا چاہتی تھیں۔لیڈیا ڈیانا ڈاکٹر حسنات کے عشق میں مبتلا ہو کر پاکستان آئیں۔وہ ڈاکٹر حسنات کی والدہ سے بھی ملیں۔وہ ماڈل ٹاؤن میں ڈاکٹر حسنات کی والدہ کے پاس کئی گھنٹے تک بیٹھی رہیں اور دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اس زمانے میں لوڈ شیڈنگ بھی ہوتی تھی اور انہوں نے وہ بھی برداشت کی۔

(جاری ہے)

تاہم ڈاکٹر حسنات لیڈی ڈیانا سے شادی کے لیے رضا مند نہیں تھے جس پر عمران خان نے دونوں کے درمیان تعلقات بہتر کرنےکا فیصلہ کیا۔عمران خان کی کوشش تھی کہ ان دونوں کی شادی ہو جائے،عمران خان نے انہیں کہا کہ لیڈی ڈیانا نفیس خاتون ہیں آپ ان سے شادی کر لیں تاہم وہ اپنے مشن میں ناکام رہے۔عارف نظامی نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں اس طرح کی باتیں نہیں کی جاتیں تاہم لیڈی ڈیانا کی محبت کے بارے میں برطانوی میڈیا میں بھی خبریں چھپ چکی ہیں۔

خیال رہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن اس وقت پاکستان کے دورے پر ہیں۔۔برطانوی اخبار ڈیلی میل نے لکھا کہ والدہ لیڈی ڈیانا کے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کے باعث یہ دورہ شہزادہ ولیم کے لیے جذباتی نوعیت کا حامل ہے۔ شہزادی ڈیانا سے قربت کی وجہ سے سابق کرکٹ اسٹار اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان بچپن سے شہزادہ ولیم کو جانتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات