میئر کراچی وسیم اختر نے اپنے وکیل کے توسط سے نجی ٹی وی چینل کو قانونی نوٹس بھجوادیا

جمعرات 17 اکتوبر 2019 20:42

میئر کراچی وسیم اختر نے اپنے وکیل کے توسط سے نجی ٹی وی چینل کو قانونی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے اپنے وکیل سمیر غضنفر ایڈوکیٹ کے توسط سے نجی ٹی وی چینل کو Defamatory Ordinance 2002 کے سیکشن 8 کے تحت نوٹس بھیجا ہے ۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سیکشن 3 کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ میئر کراچی وسیم اختر کے حوالے سے جھوٹی، بے بنیاد اور گمراہ کن خبر چلانے پرنجی ٹی وی کی انتظامیہ سے فوری طور غیرمشروط معافی مانگنے کا کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بلاتاخیر اس خبر کو چینل سے ہٹانے اور آئندہ میئر کراچی وسیم اختر کے متعلق ایسی من گھڑت اور جھوٹی خبروں سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ،بصورت دیگر مجاز عدالت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزیدبرآں قانونی نوٹس کے آخر میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر مذکورہ چینل نے اسی فورم پر معافی نہیں مانگی تو اس کے خلاف سول اور کریمنل دونوں قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی، سول کارروائی میں Defamation Ordinance 2002 کے تحت ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا جائے گا جبکہ کریمنل کارروائی پاکستان پینل کوڈ (تعزیرات پاکستان) کے سیکشن 500 کے تحت کی جائے گی۔

نوٹس کی کاپی چیئرمین پیمرا کو بھی بھیجی گئی ہے تاکہ وہ بھی قانون کے مطابق ایسے چینل کے خلاف کارروائی کریں جو من گھڑت خبریں چلاتے ہیں۔