سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کاغیر قانونی بس اسٹینڈز، ویگن اڈوں کے خلاف کریک ڈائون،متعددگاڑیاں تھانے میں بند، بھاری جرمانے

جمعہ 18 اکتوبر 2019 15:44

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن ساہیوال ندیم الرحمن کی خصوصی ہدایات پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی واصف یاسین کا شہر بھر میں غیر قانونی بس اسٹینڈز اور ویگن اڈوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ۔ بیسیوں گاڑیاں تھانے میں بند ، متعدد کو بھاری جرمانے ۔تفصیلات کے مطابق شہر میں غیرقانونی بس اڈوں اور ویگن اسٹینڈز کی بدولت ٹریفک کی صورتحال اکثر دگرگوں ہو جاتی تھی اور آنے جانے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔

(جاری ہے)

عوامی شکایات پر کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمن نے نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ڈی آر ٹی اے واصف یسین کو ہدایت کیں جن کی روشنی میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے نے فیلڈ سٹاف کے ہمراہ مختلف جگہوں پر چھاپے مارے اور عارفوالا پل پر ایک خصوصی آپریشن میں بیسیوں ویگنوں کو پولیس اسٹیشن میں بند کروایا جبکہ متعدد ڈرائیورز کو بھاری جرمانے بھی کیے ۔شہر کے سماجی و عوامی حلقوں نے کارروائی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کا قلع قمع کیا جاتا رہے گا جن کی وجہ سے شہریوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔