جنوبی افریقن کپتان ڈوپلیسی بھارت کے خلاف تیسرا ٹیسٹ جیتنے کیلئے پرعزم

جمعہ 18 اکتوبر 2019 17:44

جنوبی افریقن کپتان ڈوپلیسی بھارت کے خلاف تیسرا ٹیسٹ جیتنے کیلئے پرعزم
رانچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں اچھی کارکردگی کے لئے پرعزم ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، پہلے دونوں ٹیسٹ ہارنے کے باوجود حوصلے بلند ہیں اور تیسرا ٹیسٹ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ جنوبی افریقہ کو پہلے دونوں ٹیسٹ میچز میں بھارت کے ہاتھوں بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

کپتان ڈوپلیسی نے جمعہ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل شکستوں کے بعد کم بیک کرنا کسی بھی ٹیم کیلئے آسان نہیں ہوتا، بھارت کا ہوم گرائونڈ پر ریکارڈ بہت اچھا ہے تاہم ہماری ٹیم محنتی اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ہم تیسرے ٹیسٹ میں بھارت کو ٹف ٹائم دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ میچز میں ہم سے غلطیاں ہوئیں، پریکٹس سیشن میں ان غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کی گئی ہے، آخری ٹیسٹ جیتنے کیلئے میرے سمیت تمام بلے بازوں کو بڑی اننگز کھیلنا ہوگی۔ واضح رہے کہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین تیسرا اور آخری ٹیسٹ ہفتہ سے رانچی میں شروع ہوگا۔